نئی دہلی۔ سی بی ائی کورٹ کی جانب سے عائد جرمانہ کی رقم ادا کرنے سے بچنے کے لئے گرمیت رام رہیم نے پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ میں یہ کہتے ہوئے درخواست دائر کی ہے کہ اس کے پاس جرمانے کی رقم اداکرنے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔جرمانے کے ساتھ ڈیرا سربراہ کو بیس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ وہیں پر عدالت نے اس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے سی بی ائی کو ایک نوٹس جاری کی ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے عصمت ریزی کاشکار دو متاثرین کی اس درخواست کو بھی قبول کرلیا جس میں رام رہیم کو عمر قید کی سزا سنانے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے رام رہیم کو ہدایت دی تھی کہ اندرون دوماہ بینک میں ہرجانے کی رقم جمع کرائے۔مذکورہ رقم عدالت میں ہی جمع رہے گی او رعدالت کی ہدایت کے مطابق ادا کی جائے گی۔
گرمیت کے وکیل نے کہاکہ’’ ڈیرا سربراہ کو سنائی گئی سزا کو چیالنج کرنے کی ہماری اپیل منظور کرلی گئی ہے۔عدالت نے ہمیں دوماہ کے اندر بینک میں پیسے جمع کرانے کو کہاتھا۔ اگر فیصلہ ہمارے حق میںآتا ہے تو ہمیں سودکے ساتھ یہ رقم واپس لوٹا دی جائے گی‘‘۔
وکیل ایس کے گرگ نے مزیدکہاکہ’’ ہم نے عدالت پر زوردیا ہے کہ جس واقعہ میں سزاء سنائی گئی ہے وہ اٹھارہ سال پرانا ہے اور اس دوران کوئی بھی کیس ہمارے موکل کے خلاف درج نہیں ہوا اور سماج میں ان کے کام کے پیش نظر سزاء میں کمی کی جائے‘‘