رام رحیم کو سزا: پیالس میں نذر آنے والے کو موقع پر گولی ماردینے کا حکم‘ روہتک ڈی سی کی توثیق

روہتک: پیر کے روز ڈیرا سچا سودا گرومیت رام رحیم کو سنائی جانے والی سزا کے پیش نظر ‘روہتک ضلع کلکٹر( ڈی سی) اتل کمار نے توثیق کی ہے کہ اگر کوئی شرپسند اپنے پڑوسیوں کو نقصان پہنچانے کی یا تشدد برپا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کو موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کردینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اتل نے اے این ائی سے کہاکہ ’’ ہم نے ایک روز قبل ہی میٹنگ کے دوران اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے‘ اور صاف کرلیاہے کہ ہمیں کرنا کیا ہے۔ اگر کوئی امن وامان کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرتادیکھائی دیگا تو اس کو موقع پر ہی گولی ماردینے کا حکم جاری کیاگیا ہے۔

کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ ہم نظم ونسق کی برقراری کے لئے سخت اقدامات اٹھائیں گے‘‘۔ انہوں نے ہریانہ اور پنجاب ہائی کورٹ کی ہدایت کے پیش نظر ڈیرا سچا سودا سربراہ کو سزاء سنانے کے دوران فوج کی تعیناتی کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے کہاکہ ’’ فی الحال ہمارے پاس 23نیم فوجی دستوں کی کمپنیاں ہیں‘ اور فوج کو بھی تمام حالات سے واقف رکھاگیا ہے۔

کسی قسم کا واقعہ پیش آتا ہے تو صرف ایک گھنٹے کے اندر فوج چاروں طرف پھیل جائے گی‘ حالات قابو میں ہیں تاہم نے ہمارے دستے حساس علاقوں میں مسلسل گشت بھی کررہے ہیں‘‘۔انہوں نے میڈیا اورعوام سے جیل سے دوری بنائے رکھنے کی بھی اپیل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ جیل کے اطراف واکناف میں تحدیدات عائد ہیں جس کا خیال رکھنا میڈیا او رعوام دونوں کی ذمہ داری ہے۔ آج 2:30کے قریب عدالت ڈیرا سچا سودا کو عصمت ریزی کے کیس میں سزا سنائے گی۔

قبل ازیں ہریانہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) بی ایس سندھو نے کہاکہ اب تک 52مقدمات کا اندراج اور926لوگوں کو حراست میں لینے کاکام کیاگیا ہے۔پندرہ سال پرانے عصمت ریزی کے کیس میں پنجکولا کی سی بی ائی عدالت نے خودساختہ سادھو ڈیرا سچا سودا کا سربراہ گرومیت رام رحیم کو قصور وار قراردیاتھا جس کے بعد پنجکولا کہ بشمول ہریانہ‘ پنجاب‘ راجستھان‘ اترپردیش کے مختلف مقامات پر رام رحیم کے سینکڑوں حامیوں نے تشدد برپا کیا۔

تشدد کے واقعات میں 36لوگوں کی موت واقعہ ہوگئی تھی جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو زخمی حالت میں دواخانوں میں علاج کے لئے شریک کیاگیا ۔ ڈیرا حامیوں نے میڈیا کی او بی ویان کو بھی اپنے تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔ ہریانہ کے سرسا میں واقعہ ڈیرا سچا سودا کے اندر سے لوگوں کو نکالنے کاکام کیاجارہا ہے اور علاقے میں فوج کی بھاری جمعیت بھی متعین کردی گئی ہے۔