ایودھیا / نئی دہلی /18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یو پی اسمبلی انتخابات کے عنقریب مقرر ہونے کی بنیاد پر توقع ہے کہ ایودھیا میں رامائن میوزیم کی تعمیر کا منصوبہ مرکزی انتخابی موضوع ہوگا ۔ حالانکہ بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ انتخابی موضوع نہیں بنایا جائے گا ۔ تاہم ایودھیا میں رامائن میوزیم کی تعمیر کا منصوبہ اسی کی ایک بدلی ہوئی شکل ہے ۔ مرکزی وزیر مہیش شرما نے آج کہا کہ ’’رام کا کام‘‘ کرنے والے خوش قسمت ہوں گے ۔ مجوزہ میوزیم 25 ایکر خطہ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جو حکومت یو پی متنازعہ رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد کے مقام سے 15 کیلو میٹر کے فاصلے پر فراہم کرے گی ۔ بی جے پی کے سخت گیر قائدین جیسے ونئے کٹیار بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کے مطالبہ پر اٹل ہیں ۔ اکھلیش یادو حکومت نے رام لیلا تھیم پارک کی تعمیر کا ایودھیا کی ترقی کے پیش نظر خیرمقدم کیا ہے ۔ لیکن ونئے کٹیار نے کہا کہ ہم رام مندر کی ایودھیا میں تعمیر کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ مودی حکومت کے ایجنڈہ میں رام مندر شامل نہیں ہے ۔ پرزور انداز میں یہ دعویٰ کرتے ہوئے مرکزی وزیر شرما نے کہا کہ 151 کروڑ روپئے کی لاگت سے رامائن میوزیم کی تعمیر ایودھیا کی ترقی کا سبب بنے گی۔