لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ رافیل سودے کے معاملے میں سپریم کورٹ کے سامنے حکومت نے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل(سی اے جی) کی جس رپورٹ کا حوالہ دیا ہے اس کی انہیں جانکاری نہیں ہے تو اس کے بارے میں پی اے سی کے ارکان کی میٹنگ طلب کر کے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
کھڑگے نے آج صحافیوں سے کہا کہ وہ پی اے سی کے صدر ہیں اور انہیں یہ پتہ نہیں ہے کہ یہ رپورٹ کب پارلیمنٹ میں پیش کی گئی اور کمیٹی نے کب اس کی جانچ کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ارکان سے اس سلسلے میں میٹنگ بلانے کی اپیل کریں گے اور ان سے پوچھیں گے کہ کسی رکن کو اس رپورٹ کے بارے میں جانکاری ہے تو وہ اس کی اطلاع دیں۔ میٹنگ میں سی اے جی کے سربراہ کو بھی بلایا جائے گا اور ان سے بھی یہ معلومات حاصل کی جائے گی کہ سی اے جی نے یہ رپورٹ کب تیار کی اور کب اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔
کھڑگے نے کہا کہ اگر حکومت نے غلط اطلاع سپریم کورٹ کو دی ہے تو حکومت نے ملک کو گمراہ کیا ہے اور اسے اس کے لئے معافی مانگی جانی چاہئے۔ انہوں نے رافیل معاملے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی(جے پی سی ) سے جانچ کی مانگ بھی دہرائی۔