رافیل اسکام ’ بوفورس کا باپ ‘: شیوسینا کا الزام

٭ راہول گاندھی نے تن تنہا معاملت کو بے نقاب کیا
٭ قومی سیاست میں کانگریس صدر کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا
٭ اسکام سے توجہ ہٹانے مندر ۔مسجد مسئلہ کو ہوا دینے کا شبہ

ممبئی 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے آج کہا کہ متنازعہ رافیل معاملت ’ بوفورس کا باپ ‘ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رافیل معاملت کے خلاف مسلسل اظہار خیال کے بعد کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی ملک کی سیاست میں اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا میں اپنے ایک مضمون میںسنجے راوت نے کہا کہ جو لوگ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے رشتہ داروں پر بوفورس معاملت میں 65 کروڑ ڑوپئے کی رشوت حاصل کرنے کا الزام عائد کرتے تھے وہ آج اقتدار پر ہیں ۔آج خود ان پر الزام ہے کہ رافیل معاملت میںانہوں نے 700 کروڑ روپئے کی رشوت حاصل کی ہے ۔ رافیل اس طرح سے بوفورس کا باپ ہے ۔ اس معاملت پر فرانس کے سابق صدر فرینکوئی اولاند کے دعوی پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیوسینا ایم پی نے کیا اب فرانس کے سابق صدر کو بھی کانگریس کا حامی یا قوم مخالف قرار دیا جائیگا ۔21 ستمبر کو فرانس کی ایک میڈیا رپورٹ میں اولاند کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ حکومت ہند نے ہی ریلائنس ڈیفنس کو رافیل بنانے والی کمپنی ڈسالٹ کی پارٹنر کے طور پر پیش کیا تھا اور حکومت فرانس کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ ان لڑاکا طیاروں کا کنٹراکٹ انیل امبانی کو دیا گیا ہے ۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ جس طیارہ کی قیمت 527 کروڑ روپئے طئے کی گئی تھی اس کی قیمت اب وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں 1,570 کروڑ روپئے طئے کی گئی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ درمیانی آدمی کو ہر ایک طیارہ پر 1,000 کروڑ روپئے کا کمیشن حاصل ہوا ہے ۔ سنجے راوت نے بی جے پی کے ان الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا جن میں راہول گاندھی کی تنقیدوں کو پاکستان کی زبان قرار دیا گیا ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ ان الزامات سے پڑوسی ملک پاکستان کی مدد ہو رہی ہے ۔ راوت نے کہا کہ جب بوفورس معاملت کا اسکام سامنے آیا تھا اس وقت بھی ایسے ہی الزامات عائد کئے گئے تھے ۔ کیا اس وقت پاکستان کی مدد نہیں ہوئی تھی ؟ ۔ جو لوگ اب اقتدار پر ہیں وہ بوفورس کو اسکینڈل قرار دیتے ہیں لیکن وہ رافیل کو بھی اسکام ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف راہول گاندھی رافیل معاملت کے خلاف بول رہے ہیں۔ دوسری سیاسی جماعتوں نے خاموشی اختیار کرلی ہے ۔ ایسے میں راہول گاندھی قومی سیاست میں مزید اہمیت حاصل کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان اندیشوں کا اظہار کیا کہ حکومت اس صورتحال میں رام مندر اور ہندو ۔ مسلم جیسے مسائل کو ہوا دیتے ہوئے اس مسئلہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملت پر ہر ایک کو بیوقوف بنانے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ حکومت اور بی جے پی کے ترجمان ایک جھوٹ کو چھپانے 100 جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی سے جوڑ کر اس معاملت کی تفصیلات بتانے سے گریز نہیں کیا جانا چاہئے ۔ دفاعی معاملتوں کو آر ٹی آئی کے دائرہ میں نہیں لایا گیا تھا تاہم رافیل معاملت آشکار ہوچکی ہے ۔ واضح رہے کہ رافیل پر حکومت کو کانگریس مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ۔
رافیل پر اپوزیشن ‘ عوام کو گمراہ کر رہی ہے : راج ناتھ سنگھ کا ادعا
انبالہ ( ہریانہ )30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ رافیل معاملت کی تفصیلات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رافیل معاملت کی تمام تفصیلات کو قومی سلامتی کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوام میں پیش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہو رہا ہے ۔ سابقہ حکومتوں میں بھی یہی طریقہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین معاملت کی تفصیل منظر عام پر لانے کا جو مطالبہ کر رہے ہیں وہ کوئی مروجہ طریقہ کار نہیں رہا ہے ۔