ممبئی۔ مہارشٹرا نو نرمان سینا( ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اتوار کے روز ’مودی مکت بھارت‘ کا نعرہ لگایا ۔ شیواجی پارک میں گڈی پڈوا کے موقع پر منعقدہ ایک جلسہ عام سے وہ خطاب کررہے تھے‘ ٹھاکرے نے کہاکہ’’ آج ہم تیسری آزای کی لڑائی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔
تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر مودی مکت بھارت کو حقیقت میں بدلنا ہے۔اپنے ایک گھنٹہ طویل خطاب میں ایم این ایس سربراہ نے مستقبل میں قومی سطح پر اچانک فسادات رونما ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا۔
اترپردیش کے ضمنی انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی شکست کے بعد’’متحدہ اپوزیشن‘‘ کی آواز میں مزید تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ماہرین کے مطابق 2019کے لوک سبھا الیکشن میں مودی کی زیرقیادت حکومت کو ہٹانے کے لئے آپسی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔