راجیہ سبھا کیلئے چھ امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب متوقع

اے پی سے سریش پربھو، وائی ایس چودھری، وینکٹیش اور تلنگانہ سے سرینواس اور لکشمی کانت کی نامزدگیاں داخل
حیدرآباد 31 مئی (پی ٹی آئی ؍ سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے لئے آندھراپردیش اور تلنگانہ میں چھ نشستوں کے لئے دونوں ریاستوں میں حکمراں جماعتوں کے پانچ امیدواروں نے آج پرچہ جات نامزدگی داخل کیا اور آندھراپردیش میں اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس کے امیدوار پہلے ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرچکے تھے۔ ابتدائی آثار و قرائین سے اندازہ ہوتا ہے کہ تمام چھ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوسکتے ہیں۔ آندھراپردیش میں چار نشستوں کے لئے حکمراں تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے امیدواروں کی حیثیت سے دو مرکزی وزراء سریش پربھو اور وائی سجنا چودھری کے علاوہ کرنول سے تعلق رکھنے والے سابق ریاستی وزیر ٹی جی وینکٹیش نے نامزدگیاں داخل کرنے کے آخری دن اپنے پرچے داخل کئے۔ وائی ایس آر کانگریس کے امیدوار وجئے سائی ریڈی نے دو دن قبل پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ آندھراپردیش کی 176 رکنی اسمبلی میں تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کے 108 ارکان ہیں جس کے مطابق اس کے تینوں امیدوار بہ آسانی منتخب ہوسکتے ہیں

اور اپوزیشن جگن موہن ریڈی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے پاس بھی 50 سے زائد ارکان ہیں جو اپنے امیدوار کو منتخب کرنے کے لئے درکار تعداد سے زائد ہیں۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے راجیہ سبھا کیلئے آندھراپردیش سے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہاکہ ریاست کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ تلگودیشم کے جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کی خواہش پر سریش پربھو کو اس ریاست سے ایوان بالا کے لئے نامزد کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے۔ اس دوران تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے لئے ٹی آر ایس کے امیدواروں کی حیثیت سے ڈی سرینواس اور کیپٹن لکشمی کانت راؤ نے اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے اور کسی تیسرے امیدوار کے نہ ہونے کے سبب باور کیا جاتا ہے کہ ان دونوں کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہے۔ 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی میں ٹی آر ایس کے 82 ارکان ہیں اور ایک امیدوار کی کامیابی کے لئے فی کس 40 ووٹ درکار ہیں چنانچہ ٹی آر ایس نے اگرچہ اپنی ایک مقامی حلیف جماعت سے تائید کی اپیل کی ہے تاہم اس کے بغیر بھی اُس کو درکار تعداد میں ووٹ حاصل ہوسکتے ہیں۔ کیپٹن لکشمی کانت جو دفاعی فورسیس میں خدمات انجام دے چکے ہیں، ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر ہیں۔ پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جون ہے اور اگر ضروری ہو تو 11 جون کو رائے دہی ہوسکتی ہے جس کے چند گھنٹوں بعد ہی نتائج کا اعلان متوقع ہے۔