نئی دہلی۔22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے بعض علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج سیلاب زدہ ریاستوں اترپردیش، اتراکھنڈ، بہار اور راجستھان کے چیف منسٹرس سے بات چیت کی اور انہیں اس آفت سماوی سے نمٹنے کے لئے مرکز کی امداد کا تیقن دیا۔ راجناتھ سنگھ نے ٹیلی فون پر اکھلیش یادو، ہریش راوت، نتیش کمار اور وسوندھرا راجے سے آج صبح بات چیت کرکے ان کی ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ چیف منسٹرس نے مرکزی وزیر داخلہ کو سیلاب کی صورتحال اور ریاستوں کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے اور متاثرہ عوام کو راحت رسانی کے اقدامات سے واقف کروایا۔ چیف منسٹروں نے راجناتھ سنگھ سے قومی آفت سماوی ردعمل فورس اور ریاست کی ایسی ہی فورس کے متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں سے واقف کروایا۔ ایک سرکاری بیان میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے چیف منسٹروں کو مرکز کی بھرپور امداد کا تیقن دیا ہے۔ تاکہ ان ریاستوں میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کی جاسکے۔ دریائے گنگا اور جمنا میں بھی سیلاب آگیا ہے۔ راجستھان کے چند علاقوں میں کچھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔