شکست سے حواس باختہ مودی حکومت کی انتقامی کارروائی : کانگریس
نئی دہلی ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے رابرٹ وڈرا کے رفقاء اور اداروں کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دھاوؤں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے برادرنسبتی کے خلاف ’’حواس باختہ‘‘ مودی حکومت محض حقیقت کو غلط ثابت کرنے کیلئے دیوان اور انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ بیرونی ممالک میں موجود اثاثوں کے ایک مقدمہ کے ضمن میں رابرٹ وڈرا کے کاروباری اداروں سے مربوط تین افراد کے احاطوں پر جمعہ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے دھاوؤں کے بعد کانگریس نے انتہائی سخت ترین الفاظ پر اس شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ای ڈی کے عہدیداروں کا دعویٰ ہیکہ تین افراد کے احاطوں پر یہ دھاوے دفاعی معاملتوں میں بعض مشتبہ افرادکی طرف سے کمیشن کی وصولی کے ضمن میں ایک کیس سے متعلق ہیں۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’پانچ ریاستوں میں یقینی شکست کے خوف سے حواس باختہ مودی حکومت پھر اپنے پرانے حربے پر اتر آئی ہے۔ حقیقت کو جھٹلانے کیلئے مسٹر رابرٹ وڈرا کے خلاف دیوانہ وار انتقام پر ٹوٹ پڑی ہے‘‘۔ سرجے والا نے مزید کہا کہ ’’اس قسم کی بزدلی اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش کانگریس پارٹی اور عوام کے عزم و عہد کو متاثر نہیں کرسکے گی‘‘۔