شہر میں جملہ 15 مراکز ‘ سی سی ٹی وی نگرانی میں گنتی ہوگی
حیدرآباد 8 ڈسمبر ( این ایس ایس ) متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے ریاست کی 119 اسمبلی نشستوں کیلئے ہوئی رائے دہی کے بعد اب 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی حیدرآباد اور ساری ریاست میںمختلف مراکز پر ہوگی ۔ کہا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کا سارا عمل سی سی ٹی وی نگرانی میں ہوگا اور عہدیداروں اور پولیس کی جانب سے اس عمل کو پرسکون بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد میں جملہ 15 رائے شماری مراکز ہیں اور یہاں ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کمشنر دانا کشور نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر مرکز پر 14 ٹیبل ہونگے اور ریٹرننگ آفیسر کیلئے ایک خصوصی ٹیبل ہوگا ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایک سپر وائزر اسسٹنٹ سپروائزر اور مائیکرو مبصر کی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کرنے کیلئے موثر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کرنے والے عہدیدار پہلے پوسٹل بیالٹ شمار کرینگے جس کے بعد ووٹنگ مشینوں سے گنتی کا آغاز کیا جائیگا ۔ امیدواروں اور ان کے کاونٹنگ ایجنٹس کی موجودگی میں کسی ایک وی وی پیاٹ سے پرنٹیڈ ووٹر سلپس حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کی الیکشن آفیسر ‘ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو تین پرتی سکیوریٹی میں انتہائی سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ریاتی عہدیداران بشمول جی ایچ ایم سی اور پولیس ان مشینوں کو اسٹرانگ رونگس میں سخت سکیوریٹی فراہم کر رہی ہے ۔