’’رئیس‘‘ کے پروموشن میں سانحہ، بڑودہ اسٹیشن پر ایک شخص فوت

شاہ رُخ خان کی جھلک دیکھنے کیلئے ہجوم، تحقیقات کیلئے وزیر ریلوے کی ہدایت

ودودرہ / نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اسٹار شاہ رُخ خان کی آنے والی فلم ’رئیس کے پروموشن کے لئے ٹرین کی تفریح آج ایک سانحہ سے دوچار ہوگئی جب گجرات کے ودودرہ ریلوے اسٹیشن پر بالی ووڈ بادشاہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے جمع ہونے والے جم غفیر میں شامل ایک شخص قلب پر حملے کے سبب فوت ہوگیا۔ بھگدڑ میں دو ملازمین پولیس زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے اس واقع کے فوری بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ اُنھوں نے ریلوے پروٹیکشن فورس کے ڈائرکٹر جنرل کو اس واقعہ کی تحقیقات کرنے اور کسی خامی یا کوتاہی کا پتہ چلانے پر خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ اس دوران شاہ رُخ خان نے بھی اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور بدبختانہ قرار دیا ہے جس (واقعہ) میں ایک 45 سالہ شخص فرید خاں پٹھان کی موت ہوگئی۔ وہ ودودرہ کے سیاسی لیڈر تھے۔ بیان کیا جاتا ہے کہ فرید خاں گجرات میں ایس پی اقلیتی سیل کے صدر تھے۔ 2012 ء میں اس عہدہ سے مستعفی ہوگئے تھے۔ گجرات ریلوے پولیس نے اسٹیشن پر ایک شخص کی موت کا سبب بننے والی گڑبڑ و افراتفری کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ بالی ووڈ کے سوپر اسٹار 51 سالہ شاہ رُخ خان آج ممبئی ۔ دہلی اگسٹ کرانتی راجدھانی ایکسپریس سے گزشتہ شب 10.30 بجے ودودرہ اسٹیشن پہونچے تھے جن کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے 15000 افراد جمع ہوئے تھے۔ ودودرہ ڈیویژن کے ویسٹرن ریلوے سپرنٹنڈنٹ پولیس شرد سنگھل نے افراتفری کے دوران پٹھان کی موت کی توثیق کی۔ اُنھوں نے کہاکہ فرید خان پٹھان بیہوش ہوکر گر پڑے تھے اور دواخانہ میں علاج کے دوران فوت ہوگئے۔ ریلوے پولیس کے دو کانسٹبلس زخمی ہوئے ہیں۔ افراتفری کے اس واقعہ کی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رتبہ کے افسر کی قیادت میں تحقیقات کی جائیں گی۔

رتلام میں شاہ رخ ٹرین سے باہر نہیں نکلے
بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کااحتجاج
رتلام۔24جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی فلم ’’رئیس‘‘ کے پرموشن کیلئے ٹرین سے ممبئی سے دہلی کے سفر پر نکلے فلم اداکار شاہ رخ خان کو مدھیہ پردیش کے رتلام اسٹیشن پر کالے جھنڈے دیکھنے کو ملے ۔دیر رات تقریباً 2:15 بجے اگست کرانتی ایکسپریس سے رتلام ریلوے اسٹیشن پہنچے شاہ رخ خان اسٹیشن پر باہر ہی نہیں نکلے ،اس کے پیش نظر بھی لوگوں نے ان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ٹرین روانہ ہونے کے بعد شاہ رخ دروازے پر ہاتھ ہلاتے ہوئے آئے ،لیکن کچھ ہی لوگ انہیں دیکھ پائے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹرین سے شاہ رخ کے سفر کے پیش نظر پورے اسٹیشن پر ریلوے پولیس اور سکیورٹی دستے کے جوان تعینات کئے گئے تھے ۔شاہ رخ کو دیکھنے کیلئے آدھی رات کو بھی لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے ،لیکن ٹرین آنے کے بعد بھی جب شاہ رخ باہر نہیں نکلے تو کئی لوگوں نے ان کے نام کے نعرے لگانے شروع کردئے ۔تقریباً 10منٹ کے بعد جب ٹرین چلنے لگی،توکچھ لوگوں کو جاتی ٹرین سے شاہ رخ دروازے پر دکھائی دئے ۔دوسرے طرف بھارتیہ جنتا یووا مورچہ ضلع صدر بلونت بھاٹی کی قیادت میں بڑی تعداد میں یووا مورچہ کارکنان احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لئے اسٹیشن پر موجود تھے ۔کارکنان نے کالے جھنڈے لہرا کر شاہ رخ کے خلاف نعرے بازی کی۔بتایا جارہا ہے کہ گجرات کے وڑودرا اسٹیشن کے آنے کی خبر کے بعد بھگدڑ ہونے اور اس میں ایک شخص کی موت ہونے کے پیش نظر شاہ رخ نے دیگر اسٹیشنوں پر کوچ سے باہر نہ نکلنے کا فیصلہ کیا۔شاہ رخ کی میڈیا افسر سونالی مدا نے کے مطابق شاہ رخ اپنے پرستاروں سے ملنے کا پھر کوئی پروگرام بنا سکتے ہیں۔وہ شائقین کے حق میں ٹرین کے کوچ سے باہر نہیں آئے ،کیونکہ اس سے پلیٹ فارم پر صورت حال بگڑ سکتی تھی۔