چندی گڑھ۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والا غیر معروف سیاست داں سورج پال امول جنھوں نے پچھلے سال اداکارہ دیپکا پدکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی دس کروڑ روپئے قیمت لگاکر سرخیاں بٹوری تھیں‘ کی بی جے پی میں’ گھر واپسی ‘ ہوگئی ہے۔
وہ مجوزہ2019کے لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر پارٹی ترجمان بنائے گئے ہیں۔راجپوت کرنی سینا کے بھی لیڈر امونے فلم ’ پدماوت‘ میں راجپوت رانی پدماوتی کی شبہہ کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے یہ انعام کااعلا ن کیاتھا۔
اور انہوں نے پارٹی سے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے ہلچل بھی پیدا کردی تھی۔بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر سبھاش برالا نے مکتوب لکھ کر امو کو بتایاکہ ان کا استعفیٰ نامنظور کیاگیا ہے۔
اکٹوبر 5کو جاری کردہ لیٹر میں بتایاگیاہے کہ ’’ سابق کی طرح آپ سے درخواست ہے کہ پارٹی ترجمان کی ذمہ داری نبھائیں‘‘۔
برالا نے ٹی او ائی کو بتایاکہ امو کو پارٹی کی جانب سے استعفیٰ نامنظو ر کئے جانے کے بعد اپنی غلطی کا احساس ہوا ہے۔ امو سے متعدد مرتبہ ربط قائم کرنے کی کوششیں رائیگاں گئیں۔