دیوالی کی روشنیوں سے ہندوستان جگمگانے لگا

نئی دہلی۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مٹی کے دیے مکانوں پر رکھے گئے تھے۔ عمارتیں روشنی سے سجائی گئی تھیں جبکہ لوگ دیوالی منارہے تھے۔ سپریم کورٹ کی پٹاخوں کی خریداری پر عائد امتناع سے ان کا جوش خروش متاثر نہیں ہوا تھا۔ لوگوں نے رشتہ داروں اور بچوں کے ساتھ دیوالی کی ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مٹھائیوں کا تبادلہ کیا۔ سماجی ذرائع ابلاغ پر مبارکباد کے پیامات شائع کئے گئے ۔اس تہوار سے اخوت اور یکجہتی میں اضافہ ہوا۔ دیپاولی ظلمت سے نور کی طرف رہنمائی کرتی ہے ۔ اس موقع پر اس پیغام کی تشہیر کی گئی اور ایک دوسرے کی خوشی اور مسرت میں شرکت کی گئی۔ وزیراعظم اور مرکزی وزراء نے بھی عوام کو مبارکباد دی ۔ بی ایس ایف نے پاکستانی رینجرس کے ساتھ مٹھائیوں کا تبادلہ کیا۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی وجہ سے دیوالی کی خوشیاں متاثر ہوئیں۔ سنہری گردوارہ امرتسر بھی روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔