نئی دہلی ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نئی دہلی میں یوم جمہوریہ تقاریب کے آخری لمحہ میں مکمل تاریکی چھا گئی اور زبردست بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر ہوگئی ۔ دن کے وقت اندھیرا چھا جانے سے ایسا معلوم ہورہا تھا جیسے شام ہوچکی ہو ‘ گاڑیاں ہیڈ لیمپ جلاکر نقل و حرکت کرتی نظر آرہی تھی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں پانی بھرگیا تھا ۔ اقل ترین درجہ حرارت جو غیر معمولی طور پر اضافہ ہوکر 16درجہ سیلسیس ہوگیا تھا اوسط سے 7درجہ کم ہوگیا ۔ ڈھائی بجے دن فضاء میں 100فیصد رطوبت ریکارڈ کی گئی ۔ صفدرجنگ رصدگاہ جو شہر کے سرکاری اعداد و شمار درج کرتی ہے انکشاف کیا کہ شہر میں 8:30بجے صبح سے 2:30بجے دن تک 6تا 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پالم ‘لودھی روڈ ‘ ریج اور ایانگر میں 13.1 ‘ 8.6 ‘ 10.7 اور 8.8 ملی میٹر بارش علی الترتیب ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے شام میں مزید بارش کی پیش قیادی کی ہے ۔ اقل ترین درجہ حرارت 18درجہ سلسیس ہونے کا امکان ہے ۔