مرکز سے مطالبات کی عاجلانہ یکسوئی پر زور ، وحید احمد و دیگر وکلاء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : تلنگانہ ہائی کورٹ کی علحدگی کے لیے تلنگانہ کے وکلاء نے ملک کی دارالحکومت دہلی کے جنترمنتر پر وسیع پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ اس موقع پر وکلاء کے کثیر اجتماع سے تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے ریاستی صدر مسٹر وحید احمد نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ان کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کریں بصورت دیگر احتجاج میں مزید شدت پیدا کرنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے وکلاء پچاس دنوں سے مسلسل احتجاج کررہے ہیں ۔ اس احتجاج کرنے والوں میں فورم کے دیگر وکلاء مسرس میر واجد علی خاں ، محمد مسیح الدین ، پیر محمد ، محمد جاوید خاں ، عباد الرحمن ، محمد علی معین الدین ، سید فرحت احمد خاں کے علاوہ دیگر چار سو سے زائد وکلاء بھی موجود تھے ۔ اس احتجاج سے دیگر وکلاء نے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں ان وکلاء نے تلنگانہ ریاست کے ارکان پارلیمنٹ شریمتی کے کویتا کے علاوہ مسرس بی ونود کمار ، بی بی پاٹل ، ٹی نرسیا سے عشائیہ پر ملاقات کی ۔ وکلاء کا وفد دہلی سے حیدرآباد واپس ہوگیا ہے ۔۔