دہلی میں پٹرول کی قیمت 80 روپئے سے متجاوز ہوگئی

نئی دہلی ۔ /8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت پہلی مرتبہ آج 80 روپئے فی لیٹر سے متجاوز ہوگئی ۔ کیونکہ روپئے کی قدر میں مسلسل کمی نے خام تیل کی درآمدات کو مہنگا بنادیا ہے ۔ ایندھن کے ریاستی ریٹلرس کی طرف سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق ہفتہ کو پٹرول کی قیمت میں 39 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ۔ اس اضافہ نے پٹرول کی قیمت کو 80.38 روپئے اور ڈیزل کی قیمت کو 72.51 روپئے فی لیٹر پر پہونچادیا ہے جو اب تک کی قیمتوں کی اعلیٰ ترین سطح ہے ۔ ملک کے تجارتی صدر مقام کہلائے جانے والے شہر ممبئی میں فی لیٹر پٹرول 87.77 روپئے اور ڈیزل 76.98 روپئے تک پہونچ گیا ہے ۔