دہلی میں موسم خراب مودی کے طیارہ کا رخ موڑدیا گیا

نئی دہلی ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت نئی دہلی میں خراب موسم کے سبب اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچنے والے تقریباً 27 طیاروں کا رخ دوسری طرف موڑ دیا گیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی جو کرناٹک میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد واپس ہورہے تھے ان کے طیارہ کا رخ جئے پور موڑدیا گیا ۔ آج شام دہلی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی ۔ ہواؤں کی رفتار 92 کیلو میٹر فی گھنٹہ تھی ۔ ایرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ ان طیاروں کو لکھنؤ اور جئے پور کی طرف موڑ دینا پڑا ۔

گناہ کے راستے پر کبھی نہیں جاؤں گا :مودی
داونگیر(کرناٹک) ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ دو سال کے دوران 700 سے زائد اسکیمات شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کچھ کام باقی رہ گیا ہو تو بھی ان کی حکومت اس کے لئے ملک کو غلط راستے پر جانے نہیں دے گی ۔ آج یہاں حکومت کے دو سال کی تکمیل کے حصے کے طور پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ وہ کبھی گناہوں کے راستے پر نہیں جائیں گے ۔ انہوں نے پیشرو حکومتوں پر مختلف لابی بشمول ڈیزل اور پٹرول کے دباؤ میں آنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے گزشتہ دو سال کے دوران جو کچھ کیا وہ عوام کی بہبود کیلئے تھا ۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ مودی نے کوئی بڑا کام نہیں کیا ۔ انہوں نے پیشرو حکومت پر چند افراد کیلئے کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کیا انہیں بھی یہ گناہ کرنا چاہئیے ؟ کیا انہیں غلط راستے پر جانا چاہئیے ؟ مودی نے کہا کہ جب عوام نے مجھے یہ موقع دیا ہے تو پھر گناہ کے راستے پر جانے کی ضرورت نہیں ۔ اگر ایک یا دو کام باقی رہ گئے ہوں تب بھی وہ ملک کو غلط راستے پر نہیں لے جائیں گے ۔