دہلی میں مسلم خاندان پر ہجوم کا حملہ

نئی دہلی ۔ /25 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں اشرار کے مسلم خاندان پر حملہ کا واقعہ پیش آیا جس نے دادری واقعہ کی یاد تازہ کردی اور یہ ایک ثبوت ہے کہ ملک میں مسلمان محفوظ نہیں ۔ موصولہ اطلاعات کے بموجب مقامی غنڈوں نے چہارشنبہ کو ایک مسلم گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ مچائی اور افراد خاندان کو زخمی کردیا ۔ پولیس نے یہ واقعہ میڈیا میں منظر عام پر آنے کے بعد مقدمہ درج کیا ۔ تسلیم الدین کے خاندان نے بہار سے دہلی نقل مقام کیا اور وہ چائے بیچ کر اپنا گھر چلاتا ہے ۔ چہارشنبہ کو افطار کے وقت تقریباً 3 تا 4 افراد نے تسلیم الدین کے داماد محمد رفیع دل کے گھر کا دروازہ کھٹکٹھایا اور گالی گلوج کی اس کے باوجود محمد رفیع کی اہلیہ نے دروازہ نہیں کھولا وہ چلے گئے اور کچھ دیر بعد تقریباً 50 تا 60 افراد لوہے کی سلاخوں سے مسلح تھے اچانک حملہ کردیا اور گھر میں توڑ پھوڑ مچائی ۔ انہوں نے محمد تسلیم ان کی بیوی آسیہ ، بیٹی شہناز خاتون اور بیٹے اشفاق کو زخمی کردیا ۔ متاثرہ خاندان کے مطابق اس سے پہلے بھی انہیں زدوکوب کا نشانہ بنایا گیا ،حملہ آور کے خلاف پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔
اس واقعہ نے ان تمام کو خوفزدہ کررکھا ہے اور وہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کس سے شکایت کریں ۔