دہلی میں بھوک سے تڑپ تڑپ کر تین معصوم لڑکیو ں کی موت کا دل دہلادینے والا واقعہ

نئی دہلی : ملک کی راجدھانی دہلی میں ایک ہی خاندان کے گیارہ لوگوں کی موت کا معاملہ لوگ ابھی بھول بھی نہیں پائے تھے کہ تین معصوم بچیو ں کی موت نے ایک بار پھر دہلی کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔یہ تینوں لڑکیاں آپس میں بہنیں تھیں ۔او ر ایک کمرہ میں نیم مردہ حالت میں منگل کے روز پائی گئیں تھیں ۔وہیں پاس ہی ذہنی طور پر معذور ان کی ماں بھی موجود تھیں ۔بچیوں کو پاس ہی کے لال بہادر شاستری اسپتال پہنچا گیا جہاں ان کو مردہ قرار دے دیا گیا ۔

ان بچیوں میں سب سے بڑی ۸ ؍ سالہ مانسی ۴؍ سالہ شکھا او ر۲؍ سالہ پارول تھی ۔ذرائع کے مطابق ان کی ماں وینا دیوی ذہنی طور پر مریض ہے جب کے باپ منگل ر کشہ چلاتا ہے ہر وقت شراب کے نشہ میں ڈوبا رہتا ہے ۔دہلی کے منڈاولی علاقہ میں یہ لوگ رہتے ہیں ۔ پڑوسیو ں کے مطابق منگل صبح ہی کام کیلئے چلا گیا تھا ۔رات تقریبا ساڑھے گیارہ بجے جب اس کا دوست نارائن واپس گھر آیا تو کمرہ میں تینوں لڑکیاں بے ہوشی کی حالت میں پڑی ہوئی تھیں ۔اس نے فوراً آس پاس کے لوگوں کو بلاکر بچیو ں کو اسپتا ل لے گیا جہا ں ان لڑکیو ں کو مردہ قرار دے دیا گیا ۔

پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔اسی درمیان بچیوں کا باپ منگل بھی فرار ہے ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ چلا کہ ان بچیوں کی موت بھوک سے تڑپ تڑپ کر ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق شام کو تینوں بچیوں کی لاشیں بچیو ں کی ماں کے حوالے کردی گئی تھیں جس کے بعد پڑوسیو ں نے ان لڑکیو ں کی آخری رسومات ادا کی ۔