چیف منسٹر کی قیامگاہ پر بی جے پی اور کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ
نئی دہلی۔/24مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی اور کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں نے آج چیف منسٹر ارویند کجریوال کی قیامگاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور قومی دارالحکومت میں پانی اور برقی کی سربراہی کی صورتحال کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے بی یج پی سے وابستہ احتجاجیوں کو منتشر کرنے کیلئے آبی توپوں کا استعمال کیا۔ چیف منسٹر ارویند کجریوال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دہلی بی جے پی کے صدر ستیش اپادھیائے نے کہا کہ اب جبکہ شہریان دہلی پانی اور برقی کے شدید بحران سے دوچار ہیں چیف منسٹر گوا اور پنجاب میں اپنی سیاسی خواہشات کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر دہلی میں پانی اور برقی کے مسئلہ پر حکومت نے چشم پوشی اختیار کرلی ہے جبکہ چیف منسٹر گوا کے دورہ پر انچارج وزیر آبرسانی پنجاب کے دورہ پر ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں برقی کی سربراہی مسدود ہوجانے پر آبرسانی نظام متاثر ہورہا ہے اور سرکاری انتظامیہ پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے اور شہریان دہلی کی فکر کرنے کے بجائے اروند کجریوال گوا اور پنجاب میں سیاسی مہم چلارہے ہیں۔ بی جے پی کے احتجاج کے بعد دہلی پردیش مہیلا کانگریس کے ارکان نے جو مظاہرہ کیا ہاتھوں میں پانی کے گھڑے اٹھائے خواتین نے کجریوال کے خلاف نعرے بلند کئے۔ اس موقع پر صدر دہلی مہیلا کانگریس برکھا شکلا سنگھ نے کہا کہ دو، دو دن تک برقی اور پانی سربراہ نہیں کیا جارہا ہے جوکہ چیف منسٹر اروند کجریوال کیلئے شرمناک ہے اور وہ ذاتی تشہیر کیلئے کروڑہا روپئے صرف کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ دو ہفتوں سے شہر دہلی کے مختلف علاقوں میں پانی اور برقی کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔