دہشت گرد کیمپوں پر ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کا خیرمقدم

طلبہ ، مختلف رضاکارانہ تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں ، ٹالی ووڈ کے جشن پروگرام
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) تلگو فلم صنعت (ٹالی ووڈ) نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے آج صبح کی اولین ساعتوں میں ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے انجام دیئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کا خیرمقدم کیا اور آتشبازی کی۔ تلگو فلم صنعت کی کئی اہم شخصیتوں نے پاکستانی دہشت گرد کیمپوں پر حملوں کا خیرمقدم کیا ہے اور اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اداکار رام چرن تیجا نے کہاکہ انھیں ہندوستانی فضائیہ پر فخر ہے۔ ایک اور اداکار نتن نے کہاکہ وہ ہندوستانی فضائیہ کے بہادر سپاہیوں کو سلیوٹ کرتے ہیں۔ پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کے کامیاب حملوں کا شہر حیدرآباد میں جشن منایا گیا۔ طلبہ، مختلف رضاکار تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں نے اِن حملوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے علیحدہ علیحدہ جشن کے پروگرام منعقد کئے۔ جیسے ہی نیوز چیانلوں پر صبح میں آئی اے ایف حملوں کی خبر عام ہوئی لوگ قومی پرچم تھامے جشن منانے لگے اور شیرینی تقسیم کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی، نظام کالج سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھی اپنے کیمپس میں جشن منایا۔ نارائن گوڑہ کراس روڈ پر لوگ جمع ہوکر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے شیرینی تقسیم کی۔ سوماجی گوڑہ ولا میری کالج کی طالبات نے بھی آڈیٹوریم کے سامنے قومی پرچم تھامے ہوئے جشن منایا اور ہندوستانی فوج کی تائید میں نعرے لگائے۔ سیاسی جماعتوں نے بھی اپنی اپنی پارٹی ہیڈکوارٹرس پر جشن منایا۔ بی جے پی کے واحد رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ پاکستان کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔