دہشت گردی کے خلاف مسلمانوں کو متحدہ جدوجہد کی تلقین

داعش پر اسلام کو دور ظلمت کے دہانے پر پہنچانے کا الزام، مسجد نمرا میں مفتی اعظم کا خطبۂ حج

جبل عرفات ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ ال الشیخ نے امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامک اسٹیٹ (داعش) جیسے انتہا پسند گروپوں کے خلاف جدوجہد میں متحد ہوجائیں کیونکہ یہ انتہا پسند گروپس اسلام کو دوبارہ دورہ جہالت میں پہنچانے کے درپے ہیں۔ مفتی اعظم نے مسجد نمرا میں سالانہ خطبہ حج  دیتے ہوئے کہا کہ ’’داعش دراصل دین اسلام کے نام پر ساری امت کو تباہ و برباد کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ داعش جیسے گروپس اسلامی تعلیمات کی غلط اور غیردرست تشریحات پیش کر رہے ہیں‘‘۔ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الشیخ نے مزید کہا کہ داعش ایک گمراہ اور بدروش گروپ ہے اور اس قسم کے دہشت گرد تنظیمیں انتہا پسندی پر عمل پیرا ہیں اور وہ اپنی ان حرکات سے دین اسلام کو بطور جہالت میں پہنچانا چاہتے ہیں۔ مفتی اعظم نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں بھرپور عمل کریں تاکہ دنیا کو عملی طور پر یہ پیغام دیا جاسکے کہ اسلام دراصل امن اخوت اور محبت کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش ایک انتہا پسند عسکری گروپ ہے جو چاہتا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اس کی خلافت کو قبول کریں۔ مسجد نمرا میں منعقدہ اس عظیم اجتماع میں لاکھوں حجاج نے شرکت کی جن میں خادم الحرمین شریفین کے مشیر، مرکزی حج کمیٹی کے چیرمین اور مکہ معظمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز بھی شامل تھے۔ جبل عرفات اور مسجد نمرا میں لاکھوں  احرام پوش حاجیوں کی موجودگی کے درمیان انتہائی روح پرور مناظر دیکھے گئے۔