ودودرہ 6 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع نرملا سیتارام نے اس کی سرزمین سے کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر آج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پاکستان کو کئی مرتبہ ثبوت دئے گئے لیکن اس نے کچھ نہیں کیا ۔ سیتارامن نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ وہ نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے ۔ سیتارامن نے کہا کہ نہ صرف موجودہ حکومت نے بلکہ سابقہ حکومت نے بھی پاکستان کو دہشت گردوں کے تعلق سے ثبوت و شواہد پیش کئے تھے لیکن پاکستان نے اس تعلق سے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے تعلق سے کہا کہ پاکستان کی پہلی عدالت نے بھی ابھی تک ملزمین کے خلاف مقدمہ کی سماعت مکمل کرنے کا کام نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ دہشت گردوں کو صرف مودی حکومت ہی منہ توڑ جواب دے سکتی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں 26 فبروری کے بالا کوٹ پر کئے گئے فضائی حملوں پر سوال کرتے ہوئے مسلح افواج کی اور سپاہیوں کی توہین کر رہی ہیں۔ نرملا سیتارامن نے کہا کہ مسلح افواج کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ملک کے عوام نے بھی ان کی تائید و حمایت کی ہے ۔ اس سے ان کے حوصلے مزید بہتر ہوئے ہیں۔ رافیل جیٹ طیاروں کی خریداری سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نرملا سیتارامن نے کہا کہ اس معاملت میں مروجہ اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے گئے اور یہ فیصلے قوم کے مفاد میں کئے گئے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ بوفورس ایک اسکام تھا جبکہ رافیل کوئی اسکام نہیں ہے ۔ رافیل طیاروں کے حصول سے نئے ہندوستان کی تعمیر میں مدد ملے گی اور اس سے کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے ۔