طارق فاطمی کی چین کے اسٹیٹ کمشنر چینگ گوپنگ سے اہم ملاقات
اسلام آباد۔6فرروی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے وزیر اعظم نوازشریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے آج کہا ہے کہ پاکستان چین کی اس کے تمام بنیادی مسائل میں بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس کی خودمختاری پر کسی کو آنکھ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔سلامتی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق چین کے اسٹیٹ کمشنر چینگ گوپنگ نے دفتر خارجہ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے وفد کی سطح پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات خصوصاً سلامتی، معاشی ترقی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔سی پیک کی اہمیت اور اس کی بروقت تکمیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دونوں ممالک نے زور دیا گیا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ناصرف پاکستانی معیشت کا فائدہ ہوگا، بلکہ اس سے خطے میں روابط کو مستحکم بنانے اور امن کے قیام میں بھی بہت مدد ملے گی۔سید طارق فاطمی نے چینی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان سی پیک کے تحت تمام منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کے لئے مکمل طور پر پْرعزم ہے۔انہوں نے پاکستان کی قومی سلامتی، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی اور علاقائی سالمیت کے لئے چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے اس ملاقات کے دوران مزید کہا کہ پاکستان چین کی اس کے تمام بنیادی مسائل میں بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس کی خودمختاری پر کسی کو آنکھ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔اس موقع پر چینی کمشنر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی خودمختاری، آزادی اورعلاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان اور اس کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا، جن سے علاقائی امن و استحکام کے قیام میں بھی مدد ملی۔ دوسری جانب چینی فوج نے حال ہی میں ہونے والی فوجی مشقوں کی وڈیو جاری کی ہے جس میں جدید ڈی ایف 16 میڈیم رینج بیلسٹک میزائل کو بھی استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔چینی اخبار ‘پیپلز ڈیلی’ کی رپورٹ کے مطابق فوجی مشق کی اس وڈیو میں چینی فوج کے اہلکار جدید بیلسٹک میزائل کو آپریٹ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔چین کے ریٹائرڈ میجر جنرل اور موجودہ اسٹریٹجی ریسرچر شو گوانگ یو کا اخبار کو مطلع کیا کہ یہ میزائل چین کے ہتھیاروں کی کھیپ میں موجود خلا کو پْر کرتا ہے جبکہ اس کی مار کرنے کی صلاحیت 1 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے۔