شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں وزیر خارجہ ہند سشما سوراج کی تقریر
بیجنگ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے ہندوستان نے آج کہا کہ دہشت گردی بنیادی انسانی حقوق کی دشمن ہے اور اس کے خلاف جنگ کرنے والی طاقتوں کو ان مملکتوں کی شناخت بھی کرنا چاہئے جو اس کی حوصلہ افزائی، تائید اور مالیہ کی فراہمی کے فرائض انجام دیتی ہیں۔ وزیر خارجہ ہندوستان سشما سوراج نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس چوٹی کانفرنس میں وزیر خارجہ پاکستان محمد خواجہ آصف بھی موجود تھے۔ سشما سوراج نے کہا کہ یہ اجلاس ایک خصوصی اہمیت ہندوستان کیلئے رکھتا ہے کیونکہ شنگھائی تعاون تنظیم کا کل وقتی رکن بننے کے بعد ہم ان مسائل پر اظہار خیال کریں گے جن کا تعلق آئندہ ایس سی او کی آئندہ چوٹی کانفرنس سے ہے جو آئندہ جون میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی چیلنج ہم سب کو درپیش ہیں، دنیا بھی ان کا سامنا کررہی ہے۔ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے۔ چنانچہ اس کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے اور اس سے مقابلہ کرنے کیلئے صیانتی نظام قائم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، بنیادی انسانی حقوق، زندگی، امن اور خوشحالی کی دشمن ہیں۔ مجرمانہ دہشت گرد نیم فوجی تنظیمیں سرحدوں سے ماورا ہے اور وہ بین الاقوامی استحکام کو تباہ کردینا چاہتے ہیں۔ وہ تکثیریت میں یقین رکھنے والے سماجوں کے اطراف خوف کی دیواریں کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی شناخت کرنا ضروری ہے اور ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ ایسی ریاستوں کی بھی شناخت کی جانا چاہئے جو دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کرتی، تائید کرتی اور دہشت گردی کیلئے مالیہ اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے قصور انسانوں کو اندھادھند طور پر اپاہج بنادینا یا ہلاک کردینا واضح طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے پاکستان کا نام نہیں لیا لیکن ان کا واضح اشارہ اسی کی جانب تھا۔