وزیردفاع ہندوستان ارون جیٹلی کا ماسکو میں صیانتی کانفرنس سے خطاب
ماسکو ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج بعض ممالک کی جو دہشت گردی کی تائید کررہے ہیں، اسے مالیہ فراہم کررہے ہیں اور دہشت گرد گروپ کو ’’محدود‘‘ مقاصد کیلئے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کررہے ہیں، ان کی موقع پرستانہ کوششوں کی سخت مزاحمت کیلئے متحدہ عالمی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ ماسکو میں صیانتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع ہندوستان ارون جیٹلی نے کہا کہ دہشت گردی کا ’’احیاء‘‘ ایک نئے انداز سے اور انتہائی خطرناک شکل میں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تمام بڑے ممالک کو اس چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے متحد ہوجانا چاہئے۔ پاکستان کا درپردہ حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ان پر ہی پلٹ پڑے گی جو اس کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے دوست ممالک کا اٹل شراکت دار رہے گا جو دہشت گرد گروپس کے چیلنج کا سامنا کرتے ہوں۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان بین الاقوامی امور میں روس کے عظیم تر کردار کی تائید کرتا ہے اور وہ ہمارا مشترک پڑوسی ملک ہے جو بڑے چیلنجوں کا مؤثر انداز میں سامنا کررہا ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دولت اسلامیہ کی دہشت گردی کا سامنا کرنے کیلئے بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون اسی قسم کے دیگر مقامات پر اقدام کیلئے بھی ایک قابل تقلید مثال بن سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔ چین کی جنوبی بحرچین میں بڑھتی ہوئی اجارہ داری کا درپردہ حوالہ دیتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ بحری سفر کے شعبہ میں علاقائی تنازعات کا ابھر آنا ایک سنگین چیلنج ہے۔ ہندوستان بحریہ کی آزادی کے حقوق کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ علاوہ ازیں غیرتجارتی پروازوں کو بھی علاقائی مفادات سے ماورا ہونا چاہئے۔ مشرق وسطیٰ میں دولت اسلامیہ کو اس کے محصلہ مقامات سے بیدخل کرنا جاری ہے اور یہ ایک مثبت کارروائی ہے۔ کئی ممالک مؤثر انداز میں چیلنجوں کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانا یقینی بنایا جانا چاہئے۔
وزیراعظم کے مجوزہ دورہ شملہ کیلئے
حفاظتی انتظامات میں شدت
شملہ ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے کل ایک روزہ دورہ شملہ کے موقع پر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم علاقائی غذائی ربط اسکیم ’’اڑان‘‘ (اڑے دیش کا عام نارگرک) کا آغاز کریں گے جس کے تحت ایک گھنٹہ فی نشست فضائی سفر کے کرایہ میں 25000 روپئے کی تخفیف کی جائے گی۔ مال روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہیکہ کیا مودی یہاں روڈ شو کریں گے۔ وہ ہائیڈرو انجینئرنگ کالج کا افتتاح بھی کریں گے۔ مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی ندا ان کے ہمراہ ہماچل پردیش کے دورہ پر آرہے ہیں۔ چیف منسٹر ہماچل پردیش پی کے دھومل جبرہٹی ایرپورٹ کا دورہ کرچکے اور حفاظتی انتظامات کے بارے میں دریافت کرچکے ہیں۔ دریں اثناء بھارتی جنتایووا مورچہ کے کارکنوں نے وزیراعظم کے دورہ کے بارے میں بیداری شعور کیلئے ایک سائیکل جلوس نکالا۔