دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ‘ امن عالم کیلئے خطرہ

لعنت کو بے رحمی سے کچلنے بین الاقوامی برادری میں اتحاد ضروری ۔نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 3 ستمبر ( پی ٹی آئی ) نائب صدر جمہوریہ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے اور یہ عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ متحد ہوکر اس لعنت کو بے رحمی سے کچلے ۔ انہوں نے انسٹیٹوٹ آف انٹرنیشنل لا ( نلسار یونیورسٹی ) کے 78 ویں سشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے خاص طور پر 11 ستمبر کے حملوں کے بعد بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے میں سرگرمی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بیانر تلے کی جانے والی کوششوں کے نتیجہ میں کئی کنونشن بنائے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں بین الاقوامی دہشت گردی کو کچلنے کیلئے سارک کنونشن کی مثال لی جاسکتی ہے اس کے علاوہ ہندوستان نے بین الاقوامی دہشت گردی کو کچلنے کیلئے سخت کونشن بنانے کیلئے زور دیا ہے جس پر اقوام متحدہ میں غور کیا جا رہا ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ یہی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ آج عالمی امن کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی سے ہے ۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔ اس کا کوئی رنگ یا جنس نہیں ہوتی لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ لوگ دہشت گردی کو مذہب سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ان کے شخصی سیاسی مفادات کی تکمیل ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ان طاقتوں کے ناپاک عزائم سے واقف ہونا چاہئے اور یہ دیکھنا چاہئے کہ وہ متحد ہوجائیں اور جلد از جلد ایک جامع کنونشن بین الاقوامی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تیار کیا جاسکے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے ۔ وہ بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر قانون دانوں اور پیشہ ور ماہرین سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے ممالک میں ایسے قوانین تیار کروائیں جو دہشت گردی سے مقابلہ میں معاون ہوں اور دہشت گردی کے تمام وسائل کا خاتمہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہندوستان میں جو کچھ ہوا ہے اس کا درد دوسروں نے محسوس نہیں کیا ہے لیکن اب آج امریکہ میں کیا ہو رہا ہے ‘ یوروپی ممالک میں کیا ہو رہا ہے اور دنیا کے مختلف خطوں میں کیا ہو رہا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر کوئی اس سے متاثر ہو رہا ہے اور اسی لئے وہ کہتے ہیں کہ یہ انسانیت کی دشمن ہے اور اس کو بے رحمی سے کچلنے کی ضرورت ہے ۔ اس کو قانونی طور پر ‘ سیاسی طور پر اور انتظامی طور پر کچلنے کی ضرورت ہے ۔ اس کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ساری انسانیت ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرنے میں ایک آواز ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی بھی حال میں کوئی بھی جواز نہیں ہوسکتا ۔ کاز چاہے کتنا ہی عظیم کیوں نہ ہو اس کے قانونی طریقے ہوتے ہیں۔ آج ہم ایک مہذب دنیا میں رہتے ہیں۔ آج دنیا آگے بڑھ رہی ہے اور ہم ایک عالمی ولیج میں رہتے ہیں ۔ ہم کوئی یکا و تنہا نہیں رہتے ۔ ہم کو یہ فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم ایک ہوجائیں تاکہ دہشت گردی کی اس لعنت کو مستقبل قریب میں ختم کیا جاسکے اور اس میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ بین الاقوامی دہشت گردی کے واقعات سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی تمام ممالک کیلئے مساوات ‘ عدم مداخلت اور تنازعات کے پر امن حل کے اصولوں پر مبنی ہے اور یہی اقوام متحدہ کا چارٹر بھی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان بین الاقوامی قوانین پر عمل آوری کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور قانون کی بالادستی میں یقین رکھتا ہے ۔ ہندوستان عالمی سطح پر امن اور انصاف کے فروغ میں یقین رکھتا ہے ۔