دہشت گرد، شہری ہوا بازی کو نشانہ بنانے کے درپے

حدود میں توسیع کیلئے دہشت گردوں کی کوشش، راج ناتھ سنگھ کا سمینار سے خطاب
نئی دہلی 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)
وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے 2009 ء کے دوران ایمسٹرڈم ۔ ڈیئریاٹ طیارہ کو فضاء میں اُڑانے ایک ’’انڈرویئر بمبار‘‘ کی ناکام کوشش کے واقعہ کو یاد دلاتے ہوئے آج کہاکہ عالمی شہری ہوا بازی کی سرگرمیوں پر حملے کے لئے دہشت گرد اپنے ’زیرجاموں‘ اور حدود کو وسعت دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اس ملک میں 40 چھوٹے ایرپورٹس اور ہیلی پورٹس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے موضوع کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ راج ناتھ سنگھ نے ’بین الاقوامی ہوا بازی سلامتی‘ پر دو روزہ سمینار کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ’شہری ہوا بازی کا شعبہ انتہائی حساس ہے اور اپنی نوعیت میں انتہائی اعلیٰ مقام کا حامل بھی ہے۔ جب کسی حملے کاک نشانہ بنتا ہے تو عالمی توجہ راغب کرتا ہے۔ بالعموم اس قسم کے واقعات سیاسی و جغرافیائی اثرات و عواقب کے حامل ہوتے ہیں‘‘۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ 2001 ء میں ایک دہشت گرد نے اپنے جوتے میں بم رکھا تھا۔ 2006 ء کے دوران لندن میں ایک دہشت گرد نے سیال دھماکہ خیز مواد استعمال کیا تھا اور 2009 ء کے دوران ایمسٹرڈم میں ایک بمبار نے اپنے انڈرویئر میں بم رکھا تھا۔ یہ تمام واقعات اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ دہشت گرد نہ صرف اپنی حدود کو بلکہ اپنے ’’انڈر پینٹس‘‘ (زیر جامہ جات) کو بھی وسعت دے رہے ہیں۔