بھدراچلم کو ترقی دینے کا وعدہ فراموش، اتم کمار ریڈی کا الزام
بھدراچلم۔/18 اپریل، ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے صرف عوام کو ہی نہیں بلکہ خدا کو بھی دھوکہ دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی اور ان کی پارٹی کے دیگر سینئر قائدین نے جو پرجا چیتنیہ یاترا کے ایک حصہ کے طور پر مندروں کے شہربھدرا چلم پہنچے ہیں دریائے گوداوری کے کنارے سری رامچندرا سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی۔ اتم کمار ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے بھدرا چلم کو 100کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقی دینے کا وعدہ بھی پورا نہیںکیا۔ بھدرا چلم ایک مقدس مقام ہے جہاں کیا جانے والا کوئی بھی وعدہ راست خدا سے کئے جانے والے وعدہ کے مترادف ہوتا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کجہا کہ کے سی آر نے دو ماہ قبل یہاں منعقدہ رام نوامی تقاریب کے دوران اس شہر کو 100کروڑ روپئے کے مصارف سے مندروں کے اس شہر کو ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت تاحال 100 روپئے بھی خرچ نہیں کی۔۔ اتم کمار ریڈی نے مزید کہا کہ ’’ کے سی آر وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے مشہور ہیں لیکن اس معاملہ میں تو انہوں نے خدا کو بھی نہیں چھوڑا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کانگریس کی حکومت نے بھدراچلم کو مندروں کے شہر کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کا اچانک انتقال اور تلنگانہ تحریک جیسی سیاسی تبدیلیوں کے سبب اس پر عمل آوری نہیں کی جاسکی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر گزشتہ چار سال سے بحیثیت چیف منسٹر اپنی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کے ساتھ صرف غیر قانونی طور پر دولت اور اقتدار پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس برسراقتدار آئے گی اور بھدرا چلم کو مندروں کے شہر کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی۔