دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جمعتہ الوداع کی خشوع و خضوع کے ساتھ ادائیگی

تاریخی مکہ مسجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد میں شرکت ، جلسہ یوم القرآن اور بیرونی قراء کی مخصوص لحن میں قرات کلام پاک
حیدرآباد۔31مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں خشوع و خضوع کے ساتھ جمعۃ الوداع کا اہتمام کرتے ہوئے مسلمانوں نے بدیدۂ نم ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو وداع کیا۔شہر میں گرمی کی شدت کے باوجود کئی مقامات پر مساجد کے باہر بھی مسلمانوں کی کثیر تعداد مسجد وں کے باہر نماز جمعہ ادا کرتی دیکھی گئی ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی تمام مساجد میں خطیب و آئمہ نے الوداع الوداع الوداع یا ماہ رمضان کی صداؤں کے ساتھ دعاء کی کہ اللہ اس رمضان المبارک کے دوران کی جانے والی عبادتوں کو قبول فرمائے اور اس ماہ مبار ک کے دوران عبادتوں میں ہونے والی کوتاہیوں کو معاف کرے ۔جمعۃ الوداع کے موقع پر دونوں شہروں میں سب سے بڑا نمازیوں کا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاںشدید دھوپ کے باوجود مصلی مسجد کے بیرونی حصہ تک پہنچ گئے تھے اور لاڈ بازار میں بھی مصلیوں کیلئے نماز کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا ۔تاریخی مکہ مسجد میں خطبہ و نماز جمعہ کی امامت کے فرائض مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے انجام دیئے ۔ مکہ مسجد میں بعد نماز جمعہ مجلس اتحاد المسلمین کا جلسۂ یوم القرآن منعقد ہوا۔اس جلسہ سے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے خطاب کیا ۔مکہ مسجد میں قبل از جمعہ عالمی قرآنی روحانی مہم کے سلسلہ میں شہر میں موجود جامعہ ازہرسے تعلق رکھنے والے مصری قرأ الشیخ احمد محمد عثمان‘ الشیخ عبداللہ راغب ابراہیم اجگی‘ الشیخ عمر محمد عبدالرزاق محمد نے اپنے منفرد انداز میں قرأت کلام پاک پیش کی ۔ ان مصری قرأ نے اپنے منفرد لحن و مسحور کن اندازمیں قرأت قرآن پیش کی۔ قبل ازیں مولانا پیر شبیرنقشبندی افتخاری نبیرۂ حضرت افتخار علی شاہ وطن ؒ نے قرآنی مہم کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 29سال سے عالمی شہرت یافتہ قرأ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مسلمانوں کوتلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کو حافظ قرآن و قاریٔ قرآن بنائیں ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے کہا کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف جاری سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مؤثر ذریعہ قرآنی تعلیما ت کو پیش کرنا ہے۔ انہوںنے مسلمانوںکو مشکوک بنانے کی کوشش کرنے والوں کو دشمنان اسلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو زیر کرنے کیلئے حسن اخلاق کا مظاہرہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ شہر کی دیگر مساجد موتی مسجد دلی دروازہ‘جامع مسجد دارالشفاء ‘ جامع مسجد مشیرآباد‘ جامع مسجد ٹین پوش ‘ شاہی مسجد باغ عامہ ‘ مسجد حج ہاؤز‘ ٹیک کی مسجد نامپلی‘ مسجد عزیزیہ ‘ مسجد شاداں وزارت رسول خان‘ مسجد حسینی‘ مسجد عالمگیر ‘ جامع مسجد اے بیاٹری لائن‘ جامع مسجد بارکس‘ جامع مسجد چوک ‘ مسجد صلا ح الدین علی خان ‘ مسجد حافظ ڈنکا‘ مسجد مردھے منور‘ غفاریہ مسجد عنبر پیٹ کے علاوہ شہر حیدرآباد میں جن مساجد میں نماز جمعہ ہوتی ہے ان تمام میں ملک میں امن و سلامتی کے لئے اور عالم اسلام کی سرخروی و نصرت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی ۔شہر حیدرآباد میں مختلف مقامات پر فلسطین کی تائید میں ’’ یوم القدس‘‘ بھی منایا گیا جو کہ ہر سال دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو منایا جاتا ہے اور اس موقع پر مخالف اسرائیل مظاہرے کئے جاتے ہیں۔مکہ مسجد کے اطراف و اکناف محکمہ پولیس کی جانب سے مصلیوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔دونوں شہروں کے علاوہ عنبر پیٹ میں شہید مسجد یکخانہ کے قریب بھی محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے ہوئے اضافی پولیس دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔مکہ مسجد کے اطراف مصلیوں کی سہولت کے لئے خصوصی فرش کیا گیا تھا اور وضو کے لئے انتظامات کئے گئے تھے۔