مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا صدر مجلس پر الزام ‘ بی جے پی کی ترجمان نلن کوہلی کا عجلت میں فیصلہ نہ کرنے کا مشورہ
نئی دہلی ۔3جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی پر مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس کے شعبہ کے ارکان ہونے کی بناء پر گرفتار کئے جانے کے بعد انہیںقانونی امداد کا پیشکش کر کے ملک سے ’’غداری ‘‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ان کے خلاف دہشت گرد گروپ کی’’ مدد کرنے ‘‘ کیلئے کارروائی کی جانی چاہیئے ۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ اویسی راست یا بالواسطہ طور پر آئی ایس آئی ایس کی مدد کرنے میں ملوث ہیں ۔ اس کا ایک ویڈیوفلم سے اظہار ہوتا ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کو نشانہ بنانے کی دھمکی دینے والوں کی مدد کر کے اگر مجلس اویسی نے ملک سے غداری کا ارتکاب کیا ہے ‘ ایک طرف تو وہ دولت اسلامیہ کی مذمت کرتے ہیں اور دوسری طرف اُن کی مدد کرتے ہیں جو ایسی کارروائیوں میں ملوث ہیں ۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری سریکانت شرما نے کہا کہ این آئی اے نے حیدرآباد سے پانچ افراد کو دولت اسلامیہ کے ساتھ مبینہ روابط کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ اویسی نے اپنی پارٹی سے کہا ہے کہ انہیں قانونی امداد فراہم کی جائے گی ۔ جب کہ اے آئی ایم آئی ایم دہشت گردی کی تائید نہیں کرتی ۔
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ کسی کو بھی سیاست میں اتنی نچلی سطح تک نہیں گرجانا چاہیئے ‘ آپ کو دہشت گردی کی تائید کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور جو لوگ اس کی تائید کرتے ہیں اُن کی تائید کرتے ہوئے بھی دیکھاجاسکتاہے ۔ جو لوگ ایسے بیانات دے رہے ہیں وہ درحقیقت دہشت گردی کو آکسیجن فراہم کررہے ہیں ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ بھی دہشت گردی کی تائید کرتے ہیں ۔ بی جے پی کے ترجمان نلن کوہلی نے کہا کہ کسی بھی نتیجہ پر پہنچنے سے پہلے اویسی کو چاہیئے کہ وہ حسن و خبہ کی جانچ کرلیں ‘ کیونکہ شہادتوں سے پتہ چلتا ہے کہ گرفتار شدہ نوجوان مبینہ طور پر دہشت سے مربوط سرگرمیاں رمضان کے دوران کرنے کی سازش کررہے تھے ۔ شرما نے کہا کہ دہشت گردی کو مذہب کے زاویہ سے نہیں دیکھا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے اُن تمام پر تنقید کی جنہوں نے مودی حکومت پر تعصب برتنے کا الزام عائد کیا ہے اور اس سلسلہ میں اُن کی خاموشی پر اعتراض کیا ہے ۔ نلن کوہلی نے کہا کہ اب اس معاملہ میں کوئی نتیجہ اخذ کرنے سے پہلے ہر شخص کو چاہیئے کہ وہ اچھائی اور برائی کا اچھی طرح جائزہ لے لیں ۔
کل اگر عدالت کو کوئی ثبوت کافی نظرآتا ہو تو وہ دہشت گردی کی کارروائی کے مجرم قرار دیئے جائیں گے اور انہیں سزا سنائی جائے گی ۔ کیا اس وقت مسٹر اویسی یقینی طور پر اس سوال کا جواب دے سکیں گے کہ وہ کھلم کھلا دہشت گرد کی مدد کررہے تھے یا نہیں اور کیا وہ دہشت گردوں کی مدد کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ حیدرآباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے آج صدر مجلس اسد الدین اویسی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار ٹی آر ایس حکومت ریاست تلنگانہ ایم آئی ایم کی تائید کررہی ہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھاکر دہشت گردوں کی تائید کررہی ہے ۔ گوشہ محل کے رکن اسمبلی نے مرکز سے بھی مطالبہ کیا کہ ایم آئی ایم کو غیر مسلمہ پارٹی قرار دیا جائے ۔ راجہ سنگھ نے جو اپنے متنازعہ بیانات کیلئے شہرت رکھتے ہیں کہا کہ تلنگانہ کی پولیس ’’ سورہی ہے ‘‘ ۔ صرف ایسے علاقوں میں محاصرہ اور تلاشی کی مہم چلائی جاتی ہے جس کی ہدایت مجلس کی جانب سے وصول ہوتی ہے ۔
اسد اویسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج
کرنے عدالت میں درخواست
میرٹھ ۔3جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) صدر مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی کے خلاف یو پی بار کونسل کے ایک رکن نے شکایت درج کراتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی خواہش کی ۔ اس میں کہا گیا کہ این آئی اے کی جانب سے گرفتار نوجوانوں کے بارے میں اسد الدین کے ریمارکس غداری اور دہشت گردی کو فروغ دینے کی مترادف ہیں ۔ درخواست گذار انیل کمار بخشی نے کہا کہ اسد اویسی کا یہ بیان کہ این آئی اے کے گرفتار پانچ نوجوانوں کو ان کی پارٹی قانونی مدد فراہم کرے گی غداری کے مترادف ہیں ۔ انیل کمار بخشی نے کہا کہ انہوں نے کل ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کو شکایت پیش کی اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی خواہش کی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ اس درخواست پر سماعت 6جولائی کو ہوگی ۔