دنیا کا سب سے بڑا سمندری پارک اب انٹارکٹیکا میں

سڈنی، 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹارکٹکا کے سمندر کے تقریباً 600,000 مربع میل کے علاقے میں دنیا کا سب سے بڑا سمندری پارک بنایا جائے گا۔یورپی یونین اور 24 ممالک آج اس بات پر متفق ہوگئے ہیں۔ انٹارکٹکا میں سمندری جانداروں کے وسائل کے تحفظ کے لئے بنائے گئے کمیشن نے آسٹریلیا کے ہوبارٹ میں ہوئی میٹنگ میں کہا کہ راس سمندر ی پارک کو 35 برسوں تک ماہی گیری کے لئے بند کیا جائے گا۔ راس سمندر انٹارکٹکا کے قریب بحر قطب جنوبی کا ایک سمندر ہے ۔راس سمندر کو ماحولیاتی طور پر دنیا کے سب سے اہم سمندر کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ اس سمندری پارک میں جنوبی سمندر کا 12 فیصد سے زیادہ حصہ شامل ہوگا جو 10000 سے زائد اقسام کی حیاتیاتی مخلوق کا گھر ہوگا جس میں پینگوئن، وہیل، سمندری پرندوں اورسمندری مچھلیاں شامل ہیں۔راس سمندر کے 425000 مربع میل کے علاقے میں ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ تحقیق کے لئے نامزد علاقوں میں وہیل کی خوراک بننے والی چھوٹی مچھلیاں ”کرل اورآرا” مچھلی کو پکڑنے کی اجازت دی جائے گی۔سائنسدانوں اور کارکنوں نے سمندری تنوع کے تحفظ کی عالمی کوشش میں اس معاہدے کو سنگ میل قرار دیا ہے ۔ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہاکہ اس معاہدے سے راس سمندر کے اس علاقے کا تحفظ کیا جائے گا جوپینگوئین، سیل، وہیل، آبی پرندے اور مچھلیاں جیسی مخلوق کی منفرد آماجگاہ ہے ۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس سمندری پارک سے آب و ہوا کی تبدیلی کے اثر ات کو بھی وسیع پیمانہ پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں پانچ بار سمندری پارک کے تحفظ کی تجاویز کو مسترد کرنے کے بعد روس بھی اس تجویز پررضامند ہو گیا ہے ۔ 25 رکنی کمیشن میں روس، چین، امریکہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔