پرچم کشائی ‘ صدر جمہوریہ کا قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنانے اور تہذیبی پروگراموں کے ذریعہ تقاریب کا انعقاد
بیجنگ / قاہرہ ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا بھر میں ہندوستانی برادری نے 68واں یوم جمہوریہ ہند ترنگا لہرانے اور تہذیبی تقاریب کے انعقاد کے ذریعہ پورے جوش و خروش اور خوشی و مسرت کے ساتھ منایا ۔ بیجنگ میں ہندوستانی سفیر وجئے گوکھلے نے ہندوستانی سفارت خانہ میں کثیر مجمع کی موجودگی میں ترنگا لہرایا اور صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کا قوم کے نام پیغام پڑھ کے سنایا ۔ اس موقع پر ایک تہذیبی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔ شنگھائی میں قونصل جنرل پرکاش گپتا نے ترنگا لہرایا اور پیغام سنایا ۔ ہندوستانی طلبہ نے بھی پروگرام میں شرکت کی ۔ گنگ زاؤ کے قونصل جنرل وائی کے تیلاس تنگل نے قومی پرچم لہرایا ۔ ہندوستانی تاریکین وطن اور ان کے ارکان خاندان تقریب میں شریک تھے ۔ نیپال میں ہندوستانی سفارت خانہ پر تقریب منعقد کی گئی ۔ ہندوستانی سفیر رنجیت رائے نے ہندوستانی فوجیوں کی بیواؤں اور ورثاء کو تہنیت پیش کی اور 3کروڑ 75لاکھ روپئے مالیتی چیکس اور بلانکٹس تقسیم کئے ۔ دو ایمبولنس گاڑیاں بھی ان کو پیش کی گئیں ۔ مصر میں ہندوستانی برادری اور اُن کے مصری دوستوں نے اور طلبہ نے ہندوستانی زبان میں تہذیبی پروگرام پیش کیا جس میں کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی ۔ ہندوستانی سفیر برائے مصر سنجے بھٹاچاریہ نے قومی پرچم لہرایا اور صدر جمہوریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔
سنگاپور میں یوم جمہوریہ تقریب ہندوستانی سفیر جاوید اشرف کی جانب سے ترنگا لہرانے اور صدر کا پیغام پڑھ کر سنانے پر مشتمل تھی ۔ دریں اثناء دنیا کے وسیع ترین ویڈیو وال سنگاپور پر مقامی عوام کو مبارکباد پیش کی گئی ۔ دبئی میں قونصل جنرل انوراگ بھوشن نے ترنگا لہرایا اور ہندوستانی برادری نے تقریب میں شرکت کی ۔ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر ترنگے کے تین رنگوں کے برقی قمقمے لگائے گئے تھے ۔ 800 ہندوستانی برادری کے ارکان نے تقاریب میں شرکت کی ۔ ابوظہبی میں ہندوستانی سفارت خانہ پر سفیر پون کمار رائے نے قومی پرچم لہرایا اور پیغام سنایا ۔ بینکاک میں ہندوستانی سفیر برائے تھائی لینڈ بھگونت سنگھ بشنوی نے ترنگا لہرانے اور پیغام سنانے کا فرض انجام دیا ۔ تقریباً 500 ہندوستانی برادری کے افراد اور سفارت خانہ کے ارکان عملہ ‘ ان کے خاندانوں اور ہندوستان کے دوستوں نے شرکت کی ۔ ملائیشیاء میں پرچم کشائی اور صدر کی تقریب پڑھ کر سنانے کا م سفیر نے انجام دیا ۔ بعدازاں طلبہ نے تہذیبی پروگرام پیش کیا ۔ ہنوئی میں ہندوستانی سفیر برائے ویٹنام پی ہریش نے ترنگا لہرایا ۔ ہندوستانی برادری کے 120 افراد ہندوستان کے دوست اور سفارت خانہ کے ارکان عملہ اور ان کے ارکان خاندان نے یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کی ۔ دنیا بھر میں ہندوستانی برادری جوش و مسرت اور حب الوطنی کے جذبات سے سرشار تھی اور انہوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ جشن جمہوریہ ہند کی سالگرہ منائی ۔