دلیپ کمار کی آج 95 ویں سالگرہ

مرغوب غذا بریانی اور وینیلا آئسکریم سے تواضع کا ارادہ
ممبئی۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے افسانوی اداکار دلیپ کمار کل 95 سال کے ہوجائیں گے، ان کی شریک حیات سائرہ بانو اس موقع پر ان کی پسندیدہ غذا بریانی اور وینیلا آئسکریم سے تواضع کرنے کا منصوبہ بنائی ہیں۔ سائرہ بانو نے کہا کہ وہ اس مرتبہ کسی بڑی سالگرہ پارٹی کا منصوبہ نہیں بنارہی ہیں کیونکہ ان کے شوہر نمونیا سے متاثر ہونے کے بعد ہنوز روبہ صحت ہورہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو دیئے گئے انٹرویو میں سائر بانو نے مزید کہا کہ ’’وہ ( صاحب) بریانی پسند کرتے ہیں جو بنائی جائے گی لیکن انہیں بہت تھوڑی مقدار میں دی جائے گی کیونکہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ وہ وینیلا آئسکریم بھی پسند کرتے ہیں۔ ڈاکٹروں سے میں پوچھوں گی کہ آیا انہیں تھوڑی آئسکریم دی جاسکتی ہے؟ اس کے بعد ہمارے پاس ایک سالگرہ کیک بھی رہے گا‘‘۔ بانو اپنے شوہر کی سالگرہ کے موقع پر ان کیلئے ایک نیا شرٹ اور پتلون خریدنے کا منصوبہ بھی بنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’صاحب اچھے لیکن سیدھے سادھے کپڑے پسند کرتے ہیں۔ انہیں کاٹن کے شرٹس اور پتلون ان کے مطابق رنگوں کے جوتے اور موزے بہت پسند ہیں۔ ان کے پاس دنیا بھر سے جمع کردہ بھاری ذخیرہ موجود ہے‘‘۔ سائرہ نے کہا کہ ’’ہر سال میں ان کی پسندیدہ چیزوں کے آرڈر دیا کرتی ہوں۔ وہ مادیت پرست انسان نہیں ہیں۔ وہ قیمتی اور مہنگے تحفے پسند نہیں کرتے۔ میرا ان کیلئے ایک مستقل تحفہ ہے جو ہر سال میں انہیں دیتی ہوں وہ میری محبت ہے۔ ’’کل ان کی 95 ویں سالگرہ ہوگی۔ میں جانتی ہوں لاکھوں لوگ انہیں مبارکباد دیں گے اور ان کی صحت کیلئے دعائیں کریں گے۔ یہ (محبت) میرے دل کو چھولیتی ہے۔ ان (صاحب) کیلئے اس قدر محبت اور احترام سے قلبی تپاک کا احساس ہوتا ہے اور اس کیلئے میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں‘‘۔