دلیپ کمار کو 20 کروڑ روپئے جمع کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

باندرہ کی قیمتی پالی ہل جائیداد پر رئیل اسٹیٹ ڈیولپر سے تنازعہ ، بینچ کے احکام

نئی دہلی۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے بالی ووڈ کے افسانوی اداکار دلیپ کمار کو پالی ہل میں واقع ان کی قیمتی جائیداد پر تعمیر و فروغ کیلئے ممبئی کے ایک رئیل اسٹیٹ ڈیولپر کے ساتھ طئے شدہ سمجھوتہ پر پیدا شدہ تعطل و تنازعہ کی یکسوئی کے طور پر جزوی ادائیگی کیلئے20 کروڑ روپئے کی رقم اپنے رجسٹرار کے پاس جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دلیپ کمار نے 2,412 گز پر مشتمل اپنی اس جائیداد کے ڈیولپمنٹ (تعمیرات) کیلئے پراجیتا ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب ڈیولپر نے وہاں کوئی تعمیر نہیں کی اور اب یہ عمر رسیدہ اداکار اپنی اراضی واپس لینا چاہتے ہیں جو فی الحال رئیل اسٹیٹ ڈیولپر کے قبضہ میں ہے۔ جسٹس جے چلمیشور کی قیادت میں سپریم کورٹ بینچ نے دلیپ کمار سے کہا ہے کہ وہ ڈیمانڈ ڈرافٹ کی شکل میں 20 کروڑ روپئے کی رقم اندرون چار ہفتے سپریم کورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرتے ہوئے ڈیولپر کو مطلع کریں جس کے بعد ڈیولپر کو وہاں اپنی طرف تعینات کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کو ہٹاتے ہوئے زیربحث جائیداد کے قبضہ سے اندرون 8 دن دستبردار ہونا ہوگا۔ تخلیہ کے بعد ہی عدالت میں جمع شدہ 20 کروڑ روپئے ڈیولپر کو دیئے جائیں گے۔