دلیپ کمار روبہ صحت

ممبئی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی اداکار دلیپ کمار تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں۔ انہیں پانچ دن قبل گردوں سے متعلق عوارض کی بناء لیلاوتی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا کہ دلیپ کمار کے گردے بہتر کام کررہے ہیں اور وہ ڈائیلاسس پر نہیں ہیں۔ 94 سالہ اداکار کو ڈی ہائیڈریشن اور انفیکشن کی وجہ سے چہارشنبہ کی صبح ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر جلیل نے بتایا کہ آج ان کی صحت کافی بہتر ہے۔ وہ ڈائیلاسس اور وینٹیلیٹر پر نہیں ہیں۔ ان کے گردوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ دلیپ کمار کے قریبی دوست فیصل فاروقی نے بھی ٹوئٹر پر ان کی صحت کے بارے میں لکھا کہ ’’اب دلیپ صاحب کافی بہتر ہیں، ان کی صحت کیلئے دعاؤں کی درخواست‘‘۔ انہوں نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ ’’لیلاوتی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور اسٹاف کی ٹیم کے علاوہ سائرہ باجی، دلیپ صاحب کا خاص خیال رکھے ہوئے ہیں‘‘۔ ہاسپٹل کے عہدیداروں نے بتایا کہ عمر کی وجہ سے دلیپ کمار کو مزید دو یا تین دن آئی سی یو میں رکھا جائے گا۔ اس کا انحصار علاج کیلئے دی جارہی دواؤں سے افاقہ پر ہوگا۔