دلتوں کے مہاراشٹرا بند کے دوران پرتشدد واقعات

ممبئی، پونے اور اضلاع میں بسوں پر سنگباری، ریل، روڈ ٹریفک روک دی گئی، تمام اسکولس بند

ممبئی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پونے بھیما۔ کورے گاؤں لڑائی کی 200 ویں سالانہ یاد کے موقع پر دلتوں اور اعلیٰ ذات کے ہندوؤں کے درمیان جھڑپ میں پیش آئے تشدد کے خلاف بطور احتجاج آج منائے گئے مہاراشٹرا بند میں بھی بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات پیش آئے جس کے نتیجہ میں دارالحکومت ممبئی اور دیگر کئی اضلاع میں ریل اور روڈ ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی۔ دلت رہنما بی آر امبیڈکر کے پوتے اور بھاریپا بہوجن مہا سنگھ کے لیڈر پرکاش امبیڈر نے ضلع پونے کے بھیما کورے گاؤں قصبہ میں دو دن قبل پیش آئے تشدد کو روکنے میں حکومت مہاراشٹرا کی ناکامی کے خلاف احتجاج کے لئے آج مہاراشٹرا بند منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس بند سے ممبئی میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ احتجاجیوں نے بسوں پر سنگباری کی۔ نیم مضافاتی ٹرینوں کو روک دیا اور بڑی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں خلل اندامی کی۔ دلتوں نے ممبئی کے مضافاتی علاقوں چمبور، گھاٹ کوپر، کامراج نگر، وکھرولی، ڈندوشی، کانڈیویلی، جوگیشور، کلا نگر اور ماہم سے اپنا احتجاج شروع کیا۔ ممبئی میں توشہ پہنچانے کی خدمات کیلئے مشہور و معروف ’’ڈبہ والا‘‘ نے بھی آج اپنی خدمات فراہم نہ کرنا ہی پسند کیا۔ حکومت مہاراشٹرا نے اگرچہ بند کے موقع پر اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کیلئے تعطل کا اعلان تو نہیں کی تھی لیکن ممبئی کے علاوہ ریاست کے کئی اہم مقامات پر اسکولس بند رہے۔ پونے میں بھی آج بند کے دوران پولیسنے کہا ہیکہ گذشتہ روز انہیں گجرات کے رکن اسمبلی اور دلت لیڈر جگنیش میوانی اور دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ لیڈر عمر خالد کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں جنہوں نے 31 ڈسمبر کو پونے میں منعقدہ ایک تقریب میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ واضح رہیکہ ضلع پونے کے اس گاؤں میں اس وقت تشدد پھوٹ پڑا تھا جب دلت قائدین اور گروپس بھیماکورے گاؤں کی تاریخی لڑائی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی فتح کی 200 سالہ یاد منارہے تھے۔ اس لڑائی میں برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی نے مقامی پیشوا فوج کو شکست دی تھی۔ دلت برادری برطانوی فتح کی یاد اس لئے مناتی ہے کہ انگریزوں کی فوج میں میہر برادری سے تعلق رکھنے والے سپاہی بھی شامل تھے۔ پیشوا فوج برہمنوں پر مشتمل تھی اور سپاہی دلت تھے اور یہ لڑائی برہمنوں پر دلتوں کی بالادستی کی علامت تصور کی جاتی ہے۔