دلائی لامہ کے مجوزہ دورۂ اروناچل پردیش سے ہند ۔چین تعلقات بگڑنے کا اندیشہ

نئی دہلی کو بیجنگ کا انتباہ، چین مخالف سرگرمیاں ناقابل برداشت، امن اور استحکام کو خطرہ

بیجنگ ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج ہندوستان کو انتباہ دیا ہیکہ تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کے مجوزہ اروناچل پردیش کے دورہ سے ہند ۔ چین تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں بلکہ یہ کہنا بہتر ہوگا کہ تعلقات میں دراڑ پڑ جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ سرحدی علاقوں کا امن اور استحکام بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔ یاد رہیکہ اروناچل پردیش کے بارے میں چین کا یہ دعویٰ ہیکہ وہ جنوبی تبت کا حصہ ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ دلائی  لامہ کے مجوزہ دورہ کی اطلاع نے ہمیں تشویش میں مبتلاء کردیا ہے جہاں انہوں نے اخباری نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی جہاں اخباری نمائندوں نے وزیراعلیٰ کی جانب سے دلائی لامہ کو اروناچل پردیش کا دورہ کرنے کی دعوت دیئے جانے کی بات پوچھی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مسٹرکانگ نے مزید کہا کہ چین ۔ ہندوستانی سرحد کے مشرقی حصہ میں چین کا موقف بالکل واضح ہے جبکہ دلائی لامہ ہمیشہ سے ہی چین مخالف علحدگی پسندی کے تحریکوں کا حصہ رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ خود ہندوستان بھی ہند ۔ چین سرحدی تنازعہ کو انتہائی نازک تصور کرتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس بات سے بھی بخوبی واقف ہے کہ دلائی لامہ کیوں چین کیلئے ناپسندیدہ شخصیت ہیں۔ اب ایسے موقع پر اگر ہندوستان دلائی لامہ کو ہند ۔ چین کے درمیان متنازعہ مقام کے دورہ کی دعوت دیتا ہے تو سرحد کے قریب امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہونے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دورخی تعلقات میں بھی دراڑ پڑ سکتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ تبت سے مربوط سیاسی معاملات کا ہندوستان احترام کرے اور سرحد کے سوال پر رائے شماری کے اپنے وعدے کی پابندی کرے۔

علاوہ ازیں ہندوستان کو ایسا کوئی قدم اٹھانے سے بھی گریز کرنا چاہئے جو اس معاملہ کو مزید پیچیدہ کردے اور 14 ویں دلائی لامہ کو چین مخالف علحدگی پسند سرگرمیاں جاری رکھنے کوئی پلیٹ فارم فراہم نہ کرے۔ اگر ہندوستان کی جانب سے ایسا کیا جاتا ہے تو اسی صورت میں ہم یعنی ہند اور چین بہترین دوست اور بہترین باہمی تعلقات کے حامل ممالک بن سکتے ہیں۔ جب مسٹر کانگ کی توجہ ہندوستان کے امورخارجہ کے ترجمان وکاس سروپ کے اس بیان کی جانب مبذول کروائی گئی جہاں انہوں نے کہا تھا کہ دلائی لامہ اروناچل پردیش کا دورہ اس سے قبل بھی کرچکے ہیں تو مسٹر کانگ نے کہا کہ اگر ایک غلطی سرزد ہوجائے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دوسری غلطی کریں۔ جیسا کہ میں نے ابھی ابھی کہا  ہیکہ ہند ۔ چین کے متنازعہ مقام پر دلائی لامہ کو دورہ کی اجازت دینا دراصل چین مخالف پروپگنڈہ کرنے دلائی لامہ کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

مصر کے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں ہندوستان کی شرکت
قاہرہ ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں 38 ویں کیرو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہندوستان بھی اپنی تین فلموں کے ساتھ شرکت کرے گا جو یہاں آئندہ ماہ منعقد شدنی ہے۔ تین فلموں کو علحدہ علحدہ زمروں میں رکھا گیا ہے۔ 15 تا 24 نومبر چلنے والے اس فیسٹیول میں زائد از 200 فلموں کی اسکریننگ کی جائے گی۔ ستیش بابو سینن اور سنتوش بابو سینن کے ذریعہ بنائی گئی فلم ’’دی نیروپاتھ‘‘ کو بین الاقوامی مسابقتی زمرے میں اور سمیت ککڑ کی بنائی گئی فلم ہاف ٹکٹ کو انٹرنیشنل پینوراما کے زمرے جبکہ تیسری فلم ’’لپ اسٹک انڈرمائی برقعہ‘‘ النکریتا سریواستو نے تیار کی ہے۔