دفعہ ۳۵؍ اے پر مرکز اپنا موقف واضح کرے : فاروق عبداللہ 

سری نگر : نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے سخت الفاظ میں دھمکی دیتے ہوئے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن پر مبینہ منصو بہ بند حملوں کا سلسلہ بند نہیں ہوا تو ان کی جماعت مجوزہ بلدیاتی او رپنچایتی انتخابات کے ساتھ ساتھ آئندہ اسمبلی او ر پارلیمنٹ کے انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی ۔انہو ں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس انتخابات لڑنے سے دور نہیں بھاگے گی لیکن ہمیں انصاف چاہئے ۔

فاروق عبد اللہ نے مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر مودی نے ۱۵ ؍ اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے جمو و کشمیر میں بلدیاتی او رپنچایتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آپ یہاں انتخابات کروانا چاہتے ہیں او ردوسری طرف دفعہ ۳۵؍ اے کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ایسی صورتحال میں ہم لوگوں سے کیسے ووٹ مانگیں گے ۔ فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ عبداللہ کے ۳۶؍ ویں یوم وصال کے سلسلہ میں سری نگر کے مضافاتی علاقہ نسیم باغ میں واقع ان کے مقبرہ پر منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کے دوران کرتے ہوئے کہا ۔

انہوں نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے بیان کہ جمو ں کشمیر کے لئے الگ آئین ایک غلطی تھی ‘‘ پر کہاکہ اگر ریاست کا آئین دفعہ ۳۵؍ اے او ردفعہ ۳۷۰؍ غلط ہیں تو ریاست کا بھارت سے الحاق بھی غلط ہے ۔