چھتیس گڑھ میں انسداد نکسلائٹس سرگرمیوں کے دوران ہلاک سپاہیوںاورکارگل شہیدوں کو بھی رام ناتھ کووند کا خراج
جگدلپور/ نئی دہلی ۔ 26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ دستور میں تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے چھتیس گڑھ میں انسداد نکسلائٹس کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے سیکورٹی فورسیس کے سپاہیوں کی قربانیوں کو یاد کیا اور خراج پیش کیا ۔ صدر جمہوریہ نے آج کارگل وجئے دیوس کے موقع پر بھی کارگل شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر جمہوریہ نے کارگل شہیدوں کو خراج پیش کرنے کیلئے آج قوم کی قیادت کی ۔ صدر جمہوریہ نے چھتیس گڑھ کا دورہ کرتے ہوئے اس ریاست میں عوام اور حکومت کی جانب سے کی گئی کوششوں کی ستائش کی ۔ ممنوعہ ماؤسٹ تحریک کی جانب سے گمراہ نوجوانوں کو اعتماد میں لینے حکومت اور عوام کامیاب ہوئے ہیں ۔ ریاست میں دہشت گردی اور تشدد کو ختم کرنے میں بھی عوام اور حکومت کا اہم رول رہا ہے ۔ ملک کے بعض حصوں میں نکسل ازم کی جانب سے بعض عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور نکسلائٹس تشدد کے ذریعہ تشدد اور خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ہماری تہذیب اور روایت ان تمام سے بالاتر ہیں ۔ ہمارے دستور میں تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔ صدر جمہوریہ چھتیس گڑھ کے ضلع بستر میں ڈھمرا پل موضع میں نئے تعمیر کردہ میموریل میڈیکل کالج کو قوم کے نام معنون کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوتی ہے کہ نظم و نسق اور باشعور عوام میں معاشرہ کے اندر نکسلائٹس کے ذریعہ گمراہ ہونے والے نوجوانوں کا اعتماد جیت لیا ہے ۔ عوام نے عدم تشدد کی کوششوں کے ذریعہ ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا ۔ تشدد اور دہشت گردی کی لعنت کو کچلنے میں مدد کی ۔ میں چھتیس گڑھ حکومت اورمرکز کی ستائش کرتا ہوں کہ ان کی کوششوں کی وجہ سے نکسلائٹس سے متاثرہ علاقوں میں ترقی لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے پولیس اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو بھی سلیوٹ کیا ۔ آج ملک بھر میں کارگل وجئے دیوس منایا گیا ‘ میں ہندوستانی فوج کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی قربانیوں کے ذریعہ ہزاروں خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا ۔ 1999ء میں آج ہی کے دن پاکستان کے خلاف کارگل کی چوٹیوں پر ہندوستانی فوج نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ ہندوستان کے آپریشن وجئے کی کامیابی کا جشن منانے کے طور پر فوجی سپاہیوں کو خراج پیش کیا جاتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ کارگل وجئے دیوس ہر ہندوستانی کے دل میں پایا جاتا ہے ۔ ہمارے مسلح افواج نے اپنی کوششوں کے ذریعہ سرحدوں کا تحفظ کیا ۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کارگل جنگ میں ہمارے ملک کیلئے کامیابی دینے والے بہادر جوانوں کو میں سلام کرتا ہوں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ پوری قوم کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہماری فوج نے قربانیاں دی ہیں ۔ ہمارے بہادر سپاہیوں نے ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے اور دشمن کا منہ توڑ جواب دیا ۔ وزیراعظم نے ٹوئیٹر پر اپنا پیام پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستان کارگل جنگ کو پورے فخر کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھے گا ۔ کارگل جنگ کے دوران اٹل جی کی غیر معمولی سیاسی قیادت کے باعث فوج کو کامیابی ملی ۔ انہوں نے مسلح افواج کی بھرپور حوصلہ افزائی کی تھی ۔