دریا گنگا میں 11 سالہ لڑکی کی تیراکی کا نیا ریکارڈ

کانپور ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاک و صاف گنگا ، کے پیام کے ساتھ ایک گیارہ سالہ لڑکی نے ہندوستان کی سب سے بڑی دریا گنگا میں تیرتے ہوئے 550 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 10 دن میں طے کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ جس کا سفر کانپور میں مساسکر گھاٹ سے شروع ہو کر وارناسی پر اختتام پزید ہوگا ۔ نویں جماعت کی طالبہ شردھا شکلا کا یہ خواب ہے کہ آئندہ اولمپکس میں تیراکی مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کرے اور اس کی یہ دیرینہ خواہش ہے کہ مقدس دریا گنگا کو پاک و صاف بنائے رکھنے کے لیے عوام کا شعور بیدار کیا جائے ۔ لڑکی کے والد للت شکلا جو کہ پیشہ ور غوطہ خور ہیں ۔ بتایا کہ شردھا کو بچپن سے ہی تیراکی کا شوق ہے ۔ قبل ازیں 2014 میں اس نے کانپور اور الہ آباد کے درمیان تیراکی کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی سلامتی کے لیے فشنگ نٹ اور غوطہ خوروں کے ساتھ ماہر نشانہ باز ( شوٹر ) رکھے گئے ہیں تاکہ مگرمچھوں کے امکانی حملوں سے بچایا جاسکے ۔