دبئی میں بونی کپور کی مدد کیرالا کے اشرف نے کی

سری دیوی کی نعش منتقل کرنے میںاہم رول،پولیس کلیئرنس کیلئے ضمانت دی

حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) فلم ایکٹریس سری دیوی کی دبئی میں موت کے بعد ارکان خاندان نعش کی منتقلی کے سلسلہ میں قانونی پیچیدگیوں سے پریشان تھے۔ ایسے میں کیرالا سے تعلق رکھنے والے اشرف نامی سماجی کارکن نے آگے بڑھ کر قانونی امور کی تکمیل اپنی ذمہ داری پر کی جس کے بعد سری دیوی کی نعش ان کے شوہر بونی کپور کے حوالے کی گئی۔ متحدہ عرب امارات میں کسی شخص کی موت کے بعد نعش کی منتقلی کیلئے سخت شرائط ہیں اور کسی مقامی فرد کی ضمانت کے بغیر نعش کو حوالے نہیں کیا جاتا۔ بونی کپور اپنی شریک حیات کی پراسرار موت کی پولیس تحقیقات سے فکرمند تھے اور اس معاملہ میں انہیں پوچھ تاچھ کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے ان کے پاسپورٹ کو تحقیقات کی تکمیل تک اپنی تحویل میں لے لیا تھا ۔ بونی کپور ان حالات میں دیارِ غیر میں کسی مددگار کی تلاش میں تھے، ایسے میں کیرالا کے اشرف نے ان کی مدد کی ۔ اشرف ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے دبئی میں شہرت رکھتے ہیں اور انہوں نے اب تک تقریباً 4700 غیر ملکی افراد کی نعشوں کی منتقلی میں تعاون کیا۔ اشرف کی ان خدمات سے نہ صرف خارجی بلکہ مقامی افراد بھی متاثر ہیں۔ سماجی سرگرمیوں اور خاص طور پر خارجیوں کی مدد کرنے پر اشرف کی شناخت پولیس اور دیگر محکمہ جات میں بن چکی ہے۔ 44 سالہ اشرف کو غیر ملکیوں کے لئے ایک مسیحا کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو خارجیوں کی نعشوں کی منتقلی میں مدد کرتے ہیں ۔ 38 ممالک کے 4700 افراد کی نعشوں کی منتقلی میں ان کا اہم رول رہا ۔ اس فلاحی کام کی انجام دہی پر اشرف کو فخر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ انسانیت کے جذبہ کے تحت یہ فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کی موت کے بعد دبئی ، شارجہ یا کسی اور مقام پر ایک ہی طریقہ کار ہے کہ نعش کو پولیس کی مارچری منتقل کیا جاتا ہے ۔ جس دن سری دیوی کی نعش کی منتقلی میں اشرف نے مدد کی، اسی دن انہوں نے دیگر 4 خارجیوں کی نعشوں کی منتقلی میں تعاون کیا تھا ۔ دبئی کے حکام نعش کی منتقلی سے متعلق سرٹیفکٹ کی اجرائی میں ضامن کے طور پر اشرف کا نام اور ان کا پتہ درج کرتے ہیں۔ سری دیوی کی نعش کی منتقلی کیلئے جو سرٹیفکٹ جاری کیا گیا ، اس میں اشرف کا نام موجود ہے اور یہ دیکھ کر کئی لوگ حیرت میں پڑ گئے کہ یہ آخر کون ہے جس نے ضمانت دی ہے۔ بعد میں جب اشرف کی سرگرمیوں کے بارے میں پتہ چلا تو ہر کسی نے ان کی خدمات کو سراہا ۔ ہندوستانی حکام نے سری دیوی کے پاسپورٹ کو فوری طور پر منسوخ کردیا اور دستاویزات تیار کئے ۔ تاہم پولیس کلیئرنس کیلئے ضمانت کی ضرورت تھی اور اشرف نے اس کارروائی کو انجام دیا۔ اشرف اپنی اہلیہ اور دختر کے ساتھ عجمان کے علاقہ میں مقیم ہیں اور وہ لیبر طبقہ میں کافی مشہور ہیں۔ اشرف کا ایک میکانک شاپ ہے لیکن وہ زیادہ تر فلاحی کاموں پر توجہ دیتے ہیں۔ انہیں مختلف تنظیموں کی جانب سے ایوارڈس دیئے جاچکے ہیں۔ اشرف کے گھر میں فریم کردہ ایک تصویر ہے جس میں وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔ مودی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ نعش کی منتقلی کے سلسلہ میں قواعد سے واقف نہیں ہوتے ، لہذا انہوں نے یہ ذمہ داری نبھانے کا تہہ کیا ہے۔ اشرف کا فون ہمیشہ بجتارہتا ہے اور کوئی نہ کوئی انہیں مدد کیلئے آواز دیتا ہے۔