داؤد کو گینگسٹر بنانے والا خالد خان باشا

کـتـاب مـیـں انـکـشـاف
نئی دہلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے موضوع پر شائع ہوئی ایک کتاب میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ داؤد کی زندگی میں اگر خالد خان باشا نہ ہوتے تو داؤد وہ داؤد نہ بنتا جس کے چرچے ہیں بلکہ وہ عرصہ قبل اپنے حریفوں یا پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوچکا ہوتا۔ کتاب کا نام ’’داؤدس مینٹر : دی مین ہو میڈ انڈ باس بگیسٹ ڈان‘‘ میں کہا گیا ہے کہ کس طرح داؤد اور خالد کی ملاقات ہوئی اور وہ دوست بن گئے اور دونوں نے ممبئی کی ہر مافیا گینگ کو شکست دی۔ خالد ہی وہ شخص ہے جس کی مدد سے داؤد نے ’’ڈی گینگ‘‘ تشکیل دی اور جرائم کا ایک منظم سنڈیکیٹ قائم کرتے ہوئے ہندوستان کا سب سے بڑا مطلوبہ مجرم بن گیا۔ کتاب میں لکھا گیا ہے کہ خالد نے ہی داؤد کو مشکل سے مشکل حالات سے نمٹنے کا طریقہ سکھایا اور داؤد نے بھی خالد سے سیکھے گئے سبق کو کبھی فراموش نہیں کیا۔ خالد نے ایک بار داؤد کی جان بھی بچائی تھی۔ جو گولی داؤد کو لگنے والی تھی اُسے خالد نے خود جھیل لیا تھا اور اس طرح داؤد کی یقینی موت ٹل گئی تھی۔ اس کتاب کے مصنف حسین زیدی کے مطابق داؤد خالد خان عرف خالد پہلوان عرف کے پی کا ہمیشہ احسان مند رہا کہ اُس کی (داؤد) زندگی خالد کی مرہون منت ہے۔ اس کتاب کو پینگوئن رینڈم ہاؤس نے شائع کیا ہے۔