بنگلورو ۔ یکم / جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ملک کے مسلم خاندان اپنے بچوں کو دولت اسلامیہ کے پھندے میں پھنسنے سے بچانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں کیونکہ ہندوستان میں خاندانی اقدار مستحکم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بہ نسبت دیگر ممالک میں داعش کی سرگرمیاں عروج پر ہیں لیکن ہندوستان میں ایسا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صیانت اور عوام کے جذبات احساسات دونوں مستحکم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں ۔ یہ ضروری ہے کہ اپنے عوام کو ماؤازم ، دہشت گردی اور بنیاد پرست سرگرمیوں سے بچایا جاسکے ۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے گورنر کرناٹک وجو بھائی والا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے چیالنج کا مقابلہ کرنے کیلئے اٹھ کھڑے ہیں اور خاطیوں کو منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ دہشت گردی کے چیالنج کے خلاف متحد نہ ہوں اور اس کو منہ توڑ جواب نہ دیں تو اچھی تعلیم اور ٹکنالوجی کی ترقی رک جائے گی ۔ اور وہ اس تشدد کا شکار بن جائیں گے ۔ وہ مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ آدمیاچیتنا سیوا اتسو 2015-16 ء (عالمِ انسانیت کے شعور کی بیداری میں مدد کا میلہ) سے خطاب کررہے تھے ۔ آدمیا چیتنا ایک رضاکارانہ تنظیم ہے جو سماجی ترقی کے شعبہ میں کام کرتی ہے جس کے قائد مرکزی وزیر اننت کمار اور ان کی بیوی تیجسونی ہیں ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ اور سلامتی کا احساس دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے لیکن عوام کو بھی چاہئیے کہ وہ مرکزی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں اور ماؤازم ، دہشت گردی اور بنیاد پرستی کے علمبرداروں کو نوجوان نسلوں کو متاثر کرنے کا موقع فراہم کرنے سے روکیں ۔ کیونکہ یہ تمام انتہاپسند تنظیمیں نوجوان نسل کو مشتعل کرکے اپنے نظریات سے متاثر کرتی ہیں ۔