دیوبند، سہارنپور: علوم دینیہ کا مرکز دارالعلوم دیوبند نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کی حمایت کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے سلسلے میں ان کی حکومت کوئی آرڈیننس نہیں لائے گی اورسپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔
دارالعلوم کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جمعرات کو یہاں صحافیوں سے کہا کہ ہم اس معاملے میں وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔ نعمانی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کا بیان مثبت ہے۔ پورے ملک کو ان کی حمایت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہمارا پہلے سے یہی موقف رہا ہے کہ اجودھیا تنازعہ کا حل سپریم کورٹ ہی کر سکتا ہے۔ تمام فریق کورٹ کے فیصلے سے راضی ہوں گے۔
غور طلب ہے کہ نئے سال پروزیراعظم مودی نے اے این آئی نیوز ایجنسی کےانٹرویو میں اجودھیا تنازعہ سمیت دیگرمسائل پراظہارخیالات کیا تھا۔ اس میں انہوں نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت رام مندر معاملے پرابھی کوئی پیش قدمی نہیں کرے گی، ابھی ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظارکریں گے، اس کے بعد حکومت کوئی قدم اٹھائے گی۔