داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود ، اقوام متحدہ کی عملاً توثیق

اقوام متحدہ ، 23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی جانب سے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے فراہم کردہ پاکستان میں 9 کے منجملہ 6 پتے یو این کی عملاً توثیق پاچکے ہیں جس نے تین پتوں کو فہرست سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیردرست پائے گئے ہیں۔ انڈیا نے سرکاری طور پر مواد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں 9 جگہوں کا حوالہ دیا کہ وہاں داؤد کا آنا جانا رہتا ہے جبکہ وہ 1993ء کے سلسلہ وار ممبئی دھماکوں کا سرغنہ ہے۔ سلامتی کونسل کی آئی ایس آئی ایل اور القاعدہ تحدیدات کمیٹی نے داؤد سے متعلق اپنے اندراج میں گزشتہ روز بعض جگہ نشاندہی اور بعض دیگر جگہ حذف کے ساتھ ترمیم کی ہے۔ ہندوستان کے فراہم کردہ چھ پتوں میں کچھ بھی بدلا نہ گیا اور تین حذف کئے جاچکے ہیں۔ تین پتے جو اس کمیٹی نے اپنی فہرست سے حذف کردیئے، ان میں سے ایک اسلام آباد کی قاصد برائے یو این ملیحہ لودھی کی قیامگاہ کے پتہ سے ملتا جلتا پایا گیا۔ ترمیم میں کمیٹی نے کراچی کے تین مختلف جگہوں کے پتے حذف کردیئے ہیں۔ جب اس ترمیم کے تعلق سے پوچھا گیا تو اعلیٰ ہندوستانی افسر نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ فہرست میں داؤد کا ایک پتہ غیرصحیح ہے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ پتہ داؤد ابراہیم کا نہیں بلکہ سفیر ملیحہ لودھی کا ہے۔ داؤد ابراہیم کی پاکستان میں روپوشی کے ثبوت کے طور پر ہندوستان باضابطہ ڈاٹا پیش کرتے ہوئے اس ملک میں انڈرورلڈ ڈان کی رہائش کے 9 پتوں کی صراحت کی تھی اور بیان کیا کہ وہ اپنی رہائش بار بار تبدیل کرتا رہتا ہے اور ان پتوں پر آتا جاتا رہتا ہے۔ داؤد کے مختلف پتے کراچی کے ہیں۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کمیٹی نے 6 پتوں کو برقرار رکھا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے یہ ڈاٹا گذشتہ سال اگست میں تیار کیا گیا تھا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ انڈرورلڈڈان پاکستان میں روپوش ہے اور اس کے 9 ممکنہ رہائشی پتے پیش کئے گئے۔ دوسری طرف اسلام آباد مسلسل تردید کرتاآیا ہے کہ داؤد اس ملک میں رہتا ہے ۔ہندوستانی دعوے میں یہ بھی کہا گیا کہ داؤد کے پاس دبئی اور راولپنڈی میں جاری کردہ دو پاسپورٹس ہیں۔