داؤد ابراہیم زندہ اور صحت مند : انیس

گنگرین سے موت کی تردید : ڈان سے بات چیت کا آڈیو پیش
نئی دہلی 28 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ان افواہوں کے بعد کہ ہندوستان کے انتہائی مطلوب مجرم داؤد ابراہیم کی مرض گنگرین کی وجہ سے موت ہوگئی ہے ‘ ان کے افراد خاندان نے خاموشی کو توڑتے ہوئے یہ توثیق کی کہ داود ابراہیم صحت مند اور بہترین حالت میں ہے ۔ داؤد کے چھوٹے بھائی انیس ابراہیم نے کہا کہ انڈر ورلڈ ڈان دابؤد ابراہیم کو گنگرین کا مرض لاحق نہیں ہے جس کا پہلے شبہ کیا جا رہا تھا ۔ وہ بالکل صحت مند اور چاق و چوبند ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ داود ابراہیم پاکستان میں روپوش ہے ۔ اطلاعات کے بموجب انیس ابراہیم نے نہ صرف یہ توثیق کی کہ اس کا بھائی صحت مند اور اچھی حالت میں بقید حیات ہے بلکہ اس نے کسی با اختیار شخص کو بھی فون تھماتے ہوئے اس کی آواز میں بھی توثیق کی ۔ ( شائد یہ آواز خود ڈان داود ابراہیم کی تھی ) ۔ داود کے بھائی انیس نے کہا کہ یہ ساری اطلاعات جھوٹی ہیں۔ اللہ کے کرم سے ہر چیز بہتر ہے ۔ جس شخص کو فون دیا گیا تھا اس نے بھی اپنی صحت کے تعلق سے بات کی ۔ اس نے کہا کہ اس کے عتلق سے جو خبر پھیلائی جا رہی ہے کہ وہ گنگرین کاشکار ہے اور انتہائی نازک حالت میں ہے وہ جھوٹی ہے ۔ تاہم یہ توثیق نہیں ہوسکی کہ منگل کی رات 10.19 بجے کئے گئے فون کال کی تین منٹ طویل بات چیت میں جو آواز ہے وہ داؤد کی ہی ہے ۔ اس کا پتہ فارنسک ایجنسیاں ہی لگا سکتی ہیں۔