خودکش کار بم حملہ ،چار فوجی ہلاک

کابل ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودکش کار بم حملہ آور نے سیکوریٹی کے قافلہ کو نشانہ بنایا جس میں سیکوریٹی فورسیس کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے۔ وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ اب تک کسی بھی فرد یا گروپ نے حملہ کی ذمہ داری نہیں لی ہے تاہم حالیہ دنوں میں دارالحکومت میں طالبان اور دولت اسلامیہ سے ملحقہ تنظیم نے حملے کئے ہیں لہٰذا یہ حملہ بھی ان کی کارستانی ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف جنوبی قندھار صوبہ میں طالبان نے پیر کی رات ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کرتے ہوئے آٹھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عزیز احمد عزیزی نے بتایا کہ گیارہ شورش پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ اس وقت نصف افغانستان میں طالبان کی ہی حکمرانی ہے اور وہ سیکوریٹی فورسیس کو نشانہ بناتے ہوئے روزانہ کوئی نہ کوئی حملہ ضرور کرتے ہیں۔