خلیج عرب کے ساحل پر المناک سانحہ ۔13 طلبا غرقاب

پونے کے انعامدار کالج کے طلبا کی مروڈ ۔ جنجیرا بیچ پر تفریح سانحہ میں تبدیل: کچھ طلبا لاپتہ
ممبئی ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پونے کے ایک کالج سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلبا کے ایک گروپ کیئے خلیج عرب کے ساحل پر ایک تفریح المناک سانحہ میں بدل کر رہ گئی کیونکہ 13 طالب علم مرود ۔ جنجیرا بیچ پر غرقاب ہوگئے ۔ یہ سانحہ پڑوسی رائے گڑھ ضلع میں پیش آیا ۔ یہ واقعہ آج دو پہر میں پیش آیا جب تقریبا 18 طلبا پیراکی کیلئے سمندر میں گئے تھے ۔ ان طلبا کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ یہ طلبا بی ایس سی اور بی سی اے کمپیوٹر کورسیس کر رہے تھے ۔ کوسٹ گارڈ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 13 نعشوں کو برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ مزید کچھ طلبا ہنوز لاپتہ بتائے گئے ہیں اور کوسٹ گارڈ و بحریہ کی جانب سے کچھ لاپتہ طلبا کو بچانے کیلئے سرگرمیوں کا آعاز کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پونے کے انعامدار کالج سے تعلق رکھنے والے تقریبا 126 طلبا کا ایک گروپ تین بسوں میں تفریح کیلئے مروڈ روانہ ہوا تھا ۔ کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا کہ ہمیں یہ اطلاع ملی تھی کہ 15 تا 18 طلبا سمندر میں بہہ گئے ہیں۔ یہ اطلاع سہ پہر چار بجے ملی تھی ۔ کوسٹ گارڈ کے طیارہ اور دو کرایہ پر حاصل کی گئی کشتیوں کو ان کی تلاش اور بچاؤ کیلئے حرکت میں لایا گیا ۔ کوسٹ گارڈ کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بھی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم چھ طلبا کو دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ بحریہ نے بھی دو کشتیوں کو سرگرم کرتے ہوئے تلاشی مہم شروع کردی ہے ۔ پونے کے کالج کے ٹرسٹی پی اے انعامدار نے توثیق کی کہ اس حادثہ میں 13 طلبا ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ کالج مہاراشٹرا کاسموپولیٹن ایجوکیشن سوسائیٹی کی جانب سے چلایا جاتا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس بیچ کو یہ طلبا گئے تھے وہاں کوئی لائیف گارڈ نہیں تھا ۔ اس سانحہ کے بعد سارے کالج میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ۔ کالج حکام نے بتایا کہ تفریح کیلئے طلبا کے ساتھ 10 عملہ کے ارکان بشمول اساتذہ بھی گئے تھے ۔ پی اے انعامدار نے بتایا کہ کالج کو مہلوک طلبا کے نام موصول ہوئے ہیں لیکن ان کے والدین کو ان کی شناخت کی کامل توثیق کے بعد ہی مطلع کیا جائیگا ۔ کالج حکام کی ایک ٹیم بچاؤ کاموں میں مدد کیلئے مروڈ روانہ ہوگئی ہے ۔