خاندان میں کوئی تنازع نہیں‘ اکھیلیش اگلے چیف منسٹر ہوں گے: ملائم

نئی دہلی:سماج وادی پارٹی اور خاندان میں تنازعات کی تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے پارٹی کے بانی وسرپرست ملائم سنگھ یادو نے پیر کے روزکہاکہ اگر پارٹی ریاست کے اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے تو اکھلیش یادو اترپردیش کے اگلے چیف منسٹر ہوں گے ۔

ملائم سنگھ یادو نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’’ اکھلیش اگلے چیف منسٹر ہوں گے ۔ خاندان میں کوئی دوریاں نہیں ہیں۔ میں کل سے انتخابی مہم شروع کررہا ہوں۔

امر سنگھ ناراض نہیں ہیں۔ یہا ں کوئی دوری نہیں ہے ۔ اکھلیش کو کام کرنے کی پوری آزادی دی گئی ہے‘‘۔

اترپردیش کے سابق چیف منسٹر نے کہاکہ وہ سماج وادی پارٹی ۔ کانگریس اتحاد کے لئے مہم چلائیں گے ۔

قبل ازیں ملائم نے کہاکہ وہ سب سے پہلے اپنے چھوٹی بھائی شیو پال یادو کے لئے مہم کی شروعات کریں گے۔ اس کے بعد وہ اپنے بیٹے اور اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو کے امیدواروں کے لئے عوام سے ووٹ مانگیں گے۔انہوں نے کہاکہ ’’ شیوپال ناراض نہیں ہے اور نہ ہی مایوس ہے۔

شیو پال مجھ سے بات کئے بغیرکیسے دوسری پارٹی بنا سکتا ہے؟‘‘۔

سابق ریاستی صدرسماج وادی پارٹی شیو پال یادو نے پچھلے ہفتے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ‘ اعلان کیاتھا کہ وہ 11مارچ کے بعد جب ریاست کے انتخابی نتائج کا اعلان ہوجائے گا تب میں ریاست میں نئی پارٹی بناؤں گا۔

اپوزیشن جماعتیں بشمول بھوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) نے الزام عائد کیاکہ یادو خاندان کے جھگڑے کے ذریعہ ریاست میں بدعنوانی اور غنڈے گردی سے عوام کی توجہہ ہٹانے کی سازش کی جارہی ہے۔